مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ضلعی صدور کا غیر رسمی اجلاس،محمد نواز شریف، محمد شہباز شریف، محمد فاروق حیدر خان پر مکمل اعتماد کا اظہار

بدھ 17 نومبر 2021 18:29

مسلم لیگ (ن) آزاد کشمیر کے ضلعی صدور کا غیر رسمی اجلاس،محمد نواز شریف، ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموںکشمیر کے ضلعی صدور کا غیر رسمی اجلاس، قائد مسلم لیگ (ن )محمد نوازشریف ، صدر مسلم لیگ (ن) محمد شہباز شریف اور صدر مسلم لیگ (ن) آزادجموں کشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن آزاد جموںکشمیر کے مختلف اضلاع کے صدور کا غیر رسمی اجلاس یہاں مرکزی سیکرٹریٹ پاکستان مسلم لیگ (ن) آزادکشمیر راولپنڈی میں منعقد ہوا اجلاس کی صدارت ضلع سدہنوتی کے صدر حاجی سردار محمد منشا خان نے کی ۔

اجلاس میں آزادکشمیر کے عام انتخابات کے نتائج اور اس کے بعد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا اور مستقبل کے حوالے سے مختلف تجاویز بھی زیر بحث لائی گئیں اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ دیگر صوبوں کی طرز پر آزاد کشمیر میں بھی جلد تنظیم سازی کا عمل شروع کیا جائے جماعت کی بانی تنظیموں بشمول مرکزی تنظیم نے قیام سے لیکر حکومت بنانے تک بہترین کام کیاہے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مرکزی قیادت قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف صدر مسلم لیگ ن محمد شہباز شریف و صدر مسلم لیگ ن آزادکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان کی جانب سے دی جانے والی سلیکٹڈ حکومت کے خلاف کسی بھی کال پر لبیک کہیں گے۔ ضلعی صدور کے اس اجلاس میںکہاگیا کہ گلگت بلتستان کے سابق چیف جج کی جانب سے جاری کردہ بیان حلفی سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ قائد مسلم لیگ ن محمد نوازشریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو سازش کے تحت سیاسی انتقام کے طور پر پہلے نااہل اور پھر سلاخوں کے پیچھے بھیجا گیا اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ تمام جعلی مقدمات کو ختم کرتے ہوے عدالت انصاف کے تقاضوں کے مطابق قائد مسلم لیگ ن اور دختر پاکستان مریم نواز کو ان جعلی مقدمات سے بری کرے۔