وزیراعظم کے ترجمان و معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل کا مریم صفدر کے بیان پر ردعمل

بدھ 17 نومبر 2021 17:41

اسلام آباد۔17نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 17 نومبر2021ء) :وزیراعظم کے ترجمان و  معاون خصوصی برائے سیاسی ابلاغ ڈاکٹر شہباز گِل  نے کہا ہے کہ ٹیلی فون پر فیصلے کرانے والے آج نظام انصاف پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں، ایک جھوٹ چھپانے کیلئے نااہلوں کو روزانہ جھوٹ بولنا پڑتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کو مریم صفدر کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کی بیٹی ہونے کے علاوہ آپ کے کریڈٹ پرسوائے جھوٹ کےاورکچھ نہیں،آپ کا سچ کیلبری فونٹ، قطری خط اور عدلیہ سے سرٹیفائیڈ جعلساز و مفرور ڈیکلیئر ہونا ہے، لوٹ مار سے بنائی گئی جائیدادوں کو بچانے کیلئے جھوٹ ہی جن کا وطیرہ ہو، ان سے عوام کو کوئی امید نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ عدالتی فیصلوں کو روندنے والےمیاں مفرور کا بیانیہ اداروں اور ملک مخالفت کا بیانیہ ہے، انصاف اور احتساب کو جیب میں سمجھنے والے عدلیہ پر حملہ آور ہیں۔

  ڈاکٹر شہباز گِل نے کہا کہ ٹیلی فون پر فیصلے کرانے والے آج نظام انصاف پر کیچڑ اچھالنے میں مصروف ہیں، ایک جھوٹ چھپانے کیلئے نااہلوں کو روزانہ جھوٹ بولنا پڑتا ہے، فیصلہ ان کے حق میں آئے تو انصاف ان کے خلاف آئے تو ناانصافی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا نے پاناما لیکس کے بعد کرپٹ شریف خاندان اصل رنگ دیکھے، پوری قوم جانتی ہے کہ غریب عوام کا پیسہ لوٹ کر پوری دنیا میں جائیدادیں بنائی گئیں۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی جس فلیٹ میں رہ رہے ہیں اس کی ٹریل نہیں دی، جن کی پوری سیاست آمر کی گود سے شروع ہوکر این آر او پر ختم ہوئی ہو ان کا "نظریات" سے کیا لینا دینا۔ انہوں نے کہا کہ زیر کفالت بچوں کے نام 16 آف شور کمپنیاں بنانے والے میاں مفرور آج پارسائی کا لبادہ اوڑ کر نظریاتی ہوگئے۔