انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عملے نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کردیا ہے،جاوید اقبال خٹک

جمعرات 18 نومبر 2021 00:38

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 نومبر2021ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ا یڈیشنل ڈائر یکٹر جنرل جاوید اقبال خٹک نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں پر نظر ثانی کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کے عملے نے گھر گھر ووٹرز کی تصدیقی مہم کا آغاز کردیا ہے۔ مہم کا مقصد 2023 کے عام انتخابات کے لئے غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں بروقت تیار کرنا ہے۔

ملک بھر کی طرح کراچی کے 7اضلاع میں گھر گھر ووٹروں کی تصدیق کا عمل 6 دسمبر 2021 تک جاری رہے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز ڈسڑکٹ الیکشن کمشنرآفس ضلع شرقی میں پریس کا نفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا،اس موقعے پر ر یجنل ڈائریکٹر سید ندیم حیدر، ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ضلع شرقی امین بشیر قریشی،سول سوسائٹی کے افراد سمیت الیکشن کمیشن کے دیگر افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ا یڈیشنل ڈائر یکٹر جنرل جاوید اقبال خٹک نے مزید کہا کہ انتخابی فہرست کی گھر گھر تصدیق کا عمل 7 نومبر 2021 سے شروع ہو چکا ہے اس تصدیق کے عمل میں تصدیق کنندہ گھر گھر جاکر درج شدہ افراد کے کوائف کی تصدیق اور ان کے اہل خانہ کے کوائف کی تصدیق کرے گا اسکے علاوہ وہ لوگ جن کا نام انتخابی فہرست میں درج نہ ہو وہ اپنا ووٹ شناختی کارڈ کے موجودہ یا مستقل پتہ پر اپنے انتخابی علاقے میں درج کروا سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے گھر گھر ووٹرزکی تصدیقی مہم کی مانیٹرنگ کے لیے ملک بھر میں آفسران کو تعینات کیا ہے مجھے بھی کراچی کے 7اضلاع میں جاری انتخابی فہرستوں کی تصدیق کے حوالے سے مانیٹرنگ کرنے کی ذمہ داری دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ انتخابی فہرستوں کے ابتدائی مسودہ جات کو مقررڈ سپلے سینٹرز میں آویزاں کیا جائے گا تاکہ عوام الناس ان کا معائنہ کر سکیں اور اگر ان کا ووٹ انتخابی فہرستوں میں درج نہیں ہے تو وہ اپنے ووٹ کا اندراج کروائیں۔

شناختی کارڈ کے مستقل یا عارضی پتہ پر ووٹ ٹرانسفر کرواسکتے ہیں اسی طرح اگر آپ سمجھتے ہیں کہ آپکی انتخابی فہرست میں ایسے ووٹر ہیں جن کا اندراج اس فہرست میں نہیں ہونا چاہیے تو ان پر اعتراض جمع کروائیں۔ اس مرحلے میں الیکشن کمیشن کی طرف سے تعینات آفیسر نظر ثانی اپنے متعلقہ علاقوں میں داخل شدہ اند راج، اعتراضات و انتخابی فہرستوں میں درستگی کی درخواستوں پر فیصلہ کریں گے۔

الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں کی نظر ثانی کے اس اہم مرحلے میں کراچی کے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ الیکشن کمیشن کے تصدیقی عملہ کے ساتھ بھر پور تعاون کریں اور اپنے اہلخانہ کے ووٹوں کے اندراج، کوائف کی درستگی اور جو ووٹر وفات پاگئے ہیں ان کے ناموں کے اخراج کو یقینی بنائیں۔ سید ندیم حیدر نے عوام سے اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنے انتخابی علاقہ میں تعینات عملہ سے تعاون کریں اور اپنے اہل خانہ کے ووٹ کی تصدیق کے عمل کو یقینی بنائیں تاکہ قبل از وقت عام انتخابات کے لیے مستند اور غلطیوں سے پاک انتخابی فہرستیں تیار کی جا سکیں ۔

ضلعی الیکشن کمشنر کراچی شرقی امین بشیر علی قریشی نے کہا ہے کہ وہ کہ ووٹرز کی گھر گھر تصدیق کا عمل شروع ہو گیا ہے 7 نومبر 2021 سے اور اس میں ووٹروں کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی صحیح اندراج کو یقینی بنائیں اس حوالے سے ضلع کراچی شرقی میں 780 ویریفیائنگ آفیسرز 260 سپروائزر رکھے گئے اور 31 AROs کی خدمات لی گئی ہے ایجوکیشن ڈیپارٹمنٹ سے اور وہ گھر گھر جا کر ہر ووٹر کی تصدیق کریں گے اور ووٹ کے اپنی جگہ پر صحیح اندراج کو یقینی بنائیں