بلوچستان :ریڈ زون کے گردونواح میں جلسے جلوس پر پابندی عائد

آئے روز کے جلسے اور جلوس سے شہر کا ٹریفک شدید متاثر ہوجاتاہے،وزیرداخلہ کا سیکرٹری کو خط

جمعرات 18 نومبر 2021 23:03

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2021ء) صوبائی مشیر برائے داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ بلوچستان ملک ارشدمجید کو مراسلہ لکھ دیاہے کہ ریڈ زون کے گردونواح میں جلسے جلوس پر پابندی عائد کی جائے ،آئے روز کے جلسے اور جلوس کی وجہ سے شہر کا ٹریفک شدید متاثر ہوجاتاہے جس کی وجہ سے لوگ اپنے منزل تک وقت پر نہیں پہنچ پاتے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو صوبائی مشیر برائے داخلہ وقبائلی امور میر ضیاء اللہ لانگو کی جانب سے ایڈیشنل سیکرٹری برائے داخلہ ملک ارشد مجید کو مراسلہ ارسال کیاگیاہے جس میں کہاگیاہے کہ صوبائی دارالحکومت کوئٹہ میں قائم ریڈزون کے گردونواں میں آئے روز جلسہ جلوس کی وجہ سے شہر کا ٹریفک شدید متاثر ہیں جس کی وجہ سے نہ صرف عام لوگ بلکہ مریضوں کو بھی سفر میں مشکلات کاسامناہے ،مراسلے میں ایڈیشنل سیکرٹری داخلہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ریڈ زون کے گردونواح میں جلسے جلوس پر پابندی عائد کرے تاکہ ٹریفک کی روانی بحال اور لوگوں کو درپیش مشکلات کا خاتمہ ہوں ۔