صوبوں کے حقوق کیلئے جدوجہد پر پورا پاکستان سینیٹر حاجی محمد عدیل کا مقروض رہے گا، امیر حیدر خان ہوتی

جمعرات 18 نومبر 2021 23:15

‘پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 نومبر2021ء) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر امیر حیدر خان ہوتی نے کہا ہے کہ صوبوں کے حقوق کیلئے جدوجہد پر پورا پاکستان بالخصوص خیبر پختونخوا کے عوام سینیٹر حاجی محمد عدیل کے مقروض رہیں گے۔ ملک میں جمہوریت کی بقا اور چھوٹے قومیتوں کیلئے انکے کردار کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ مرحوم حاجی محمد عدیل صرف پشاوریا خیبر پختونخوا کے نہیں بلکہ اس پورے خطے کے سپوت تھے۔

جنہوں نے اپنی پوری زندگی اپنے وطن اور قوم سے محبت کی خاطر انکے حقوق کیلئے جدوجہدمیں گزاری۔سابق صوبائی وزیر و سینیٹر حاجی محمد عدیل کی پانچویں برسی پر اپنے پیغام میں امیر حیدر خان ہوتی نے کہا کہ مرحوم حاجی عدیل کو مظلوموں اور محکوموں کیلئے آواز اٹھانے کا جذبہ وراثت میں ملا تھا۔

(جاری ہے)

وہ اپنے والد خدائی خدمتگار حکیم عبدالجلیل کی طرح باچاخان کے سچے پیروکار تھے اور مرتے دم تک عدم تشدد کے فلسفے پر کاربند اور ہر مشکل میں قومی تحریک کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑے رہے۔

انہوں نے کہا کہ حاجی عدیل پاکستان کی سیاست کا ایک دمکتا باب ہے، جو رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔مرحوم ایک متحرک، صاف گواور دلائل پر بات کرنے والے جمہوریت کی توانا آواز تھے۔ انہوں نے ہمیشہ آمریت کے خلاف اور جمہوری قوتوں کو یکجا کرنے کیلئے ببانگ دہل آواز اٹھائی اور اسی پاداش میں انکو قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کرنی پڑیں۔ اٹھارویں آئینی ترمیم کو ممکن بنانا ہویا نیشنل فنانس کمیشن ایوارڈ کا اجرا ہو حاجی عدیل کا کردار ناقابل فراموش ہے۔

خیبرپختونخوا کے عوام کو نام کی صورت میں شناخت کا تحفہ بھی حاجی محمد عدیل کے سر ہے۔ انہوں نے کبھی بھی اپنے اصولوں اور نظریے پر سمجھوتہ نہیں کیا اور بلاخوف و جھجک ہر محاذ پر اپنے بیانیے کی تبلیغ کی اور اپنے موقف کے ساتھ ڈٹے رہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ قومی تحریک میں حاجی محمد عدیل مرحوم کی کمی ہر پل محسوس کی جائے گی۔ جمہوریت کو موجودہ دور میں درپیش مشکلات اور رکاوٹوں کو دیکھ کر یہ بات اٹل ہے کہ پاکستان کو ان جیسی کئی شخصیات کی اشد ضرورت ہے۔ مرحوم حاجی محمد عدیل کو انکی پانچویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرتے ہیں اور یہ عزم کرتے ہیں کہ ان کے کردار اور جدوجہد کو مدنظر رکھتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کے حقوق کیلئے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے۔