فروغ نسیم کی زیر صدارت اعلی سطح کا اجلاس،فوجداری و سول مقدمات کو نافذ کرنے کے حوالے سے امورپر گفتگو

ہم تمام صوبوں میں قانون سازی کے حوالے سے یکسانیت چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کے سندھ میں بھی دوسرے صوبوں اور وفاق کی طرز پر قانون سازی کی جائے، وزیر قانون

جمعرات 18 نومبر 2021 23:48

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 نومبر2021ء) وفاقی وزیر برائے قانون و انصاف بیرسٹرڈاکٹر محمد فروغ نسیم نے کہا ہے کہ ہم تمام صوبوں میں قانون سازی کے حوالے سے یکسانیت چاہتے ہیں،سندھ میں وفاق اور دوسرے صوبوں جیسی قانون سازی کے خواہاں ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فوجداری و سول مقدمات کو نافذ کرنے کے حوالے سے اعلی سطح کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس میں پنجاب کے وزیر قانون راجہ بشارت، پنجاب ،خیبرپختونخوا اور بلوچستان کے لاء ڈیپارٹمنٹ کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے قانون و انصاف بیرسٹر ملیکہ علی بخاری، سیکرٹری برائے قانون و انصاف اور وزارت داخلہ کے اعلی افسران نے بھی شرکت کی۔ اجلاس کے شرکاء نے وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف بیرسٹر فروغ نسیم کو ایک روز قبل مشترکہ اجلاس میں ہونے والی تاریخی قانون سازی پر مبارکباد پیش کی۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیر قانون ڈاکٹر فروغ نسیم نے پنجاب، بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں سول اور کریمنل لاء کے حوالے سے ہونے والی قانون سازی کی پیشرفت کے حوالے سے دریافت کیا۔پنجاب کے وزیر قانون اور دوسرے صوبوں کے نمائندوں نے قانون سازی کے حوالے سے ہونے والی پیش رفت سے وفاقی وزیر قانون کو آگاہ کیا۔وفاقی وزیر برائے قانون وانصاف ڈاکٹر بیرسٹر فروغ نسیم نے کہا کہ ہم تمام صوبوں میں قانون سازی کے حوالے سے یکسانیت چاہتے ہیں، چاہتے ہیں کے سندھ میں بھی دوسرے صوبوں اور وفاق کی طرز پر قانون سازی کی جائے، ہم قانون سازی کیلئے صوبوں کی رہنمائی کے لیے ہر وقت دستیاب ہیں،انہوں نے کہا کہ سول اور کریمنل قانون سازی کیلئے تمام متعلقہ اداروں سے رائے لی گئی، صوبائی اور وفاقی پولیس کے اداروں سے بھی رائے لی گئی، انسداد عصمت دری کا قانون بھی مشترکہ اجلاس سے پاس ہو چکا ہے اور ایکٹ آف پارلیمنٹ بن گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری کوئی انا کا مسئلہ نہیں ہے قانون سازی کے حوالے سے جو بھی تجاویز بہتر ہوں گی ان کو زیر غور لایا جائے گا،وفاقی وزیر قانون نے صوبہ پنجاب میں وفاق کی طرز پر ہونے والی وراثتی قانون سازی کے حوالے سے دریافت کیا جس پر پنجاب کے وزیر قانون نے اجلاس کو ہونے والی پیش رفت پر آگاہ کیا۔