کویت نے پاکستان سمیت 9 ممالک کے شہریوں کے اقاموں کی تجدید روک دی

جن لوگوں کی رہائش کی تجدید سے روکا گیا ان میں سے زیادہ تر لبنان کے شہری ہیں جب کہ دیگر قومیتوں میں ایران ، یمن ، شام ، عراق ، پاکستان ، افغانستان ، بنگلہ دیش اور مصر کے شہری شامل ہیں

Sajid Ali ساجد علی جمعہ 19 نومبر 2021 10:51

کویت نے پاکستان سمیت 9 ممالک کے شہریوں کے اقاموں کی تجدید روک دی
کویت سٹی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 19 نومبر 2021ء ) خلیجی ملک کویت نے پاکستان سمیت 9 ممالک کے شہریوں کے اقاموں کی تجدید روک دی ، ان ممالک کے 100 شہریوں کے رہائشی اجازت ناموں کی تجدید نہیں کی جائے گی جس کی وجہ سے انہیں ملک چھوڑنا پڑے گا ۔ کویت اردو نے روزنامہ القبس کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ کویت کی اسٹیٹ سکیورٹی پولیس نے مختلف قومیتوں کے 100 تارکین وطن کے ناموں کی ایک فہرست بنائی ہے ، جن کے اقامہ کی مدت ختم ہونے پر انہیں کویت سے واپس اپنے آبائی ملک جانا ہوگا کیوں کہ ان شہریوں کے رہائشی اجازت ناموں کی تجدید پر پابندی عائد کردی گئی ہے جس کی بناء پر ان لوگوں کے پاس رہائشی اجازت نامے کی میعاد ختم ہونے پر اپنے اہل خانہ کے ساتھ ملک چھوڑنے کے علاوہ اور کوئی راستہ نہیں ہے ۔

(جاری ہے)

رپورٹ میں سکیورٹی ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا کہ جن لوگوں کی رہائش کی تجدید سے روکا گیا ہے ان میں سے زیادہ تر لبنان کے شہری ہیں جب کہ دیگر قومیتوں میں ایران ، یمن ، شام ، عراق ، پاکستان ، افغانستان ، بنگلہ دیش اور مصر کے شہری شامل ہیں ، اس فہرست میں جن افراد کے نام ڈالے گئے ہیں ان میں زیادہ تر ایسے لوگ ہیں لوگ جو منی لانڈرنگ جیسے سنگین جرائم کے مرتکب ہوئے اور حساس معاملات میں ملوث پائے گئے ہیں یا اس فہرست میں شامل ہیں جو عوامی مفاد میں ملک میں رہنا پسند نہیں کرتے جب کہ بعض لبنانیوں پر سکیورٹی حکام کو شک ہے کہ وہ حزب اللہ کے پہلے یا دوسرے درجے کے رشتہ دار ہیں۔

رپورٹ کے مطابق رہائش کی تجدید سے روکے گئے افراد میں شامل ایک شخص کو یہ بات اس وقت معلوم ہوئی جب اس نے 6 گورنریٹس میں رہائشی امور کے محکموں کا دورہ کیا لیکن انہیں اپنے اہل خانہ کے ساتھ فوری طور پر ملک چھوڑنے کی ہدایت کردی گئی ۔