سندھ اسمبلی میں ٹی ٹی پی سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور

پالیسی کو ڈسکس کیے بغیر ان سے مذاکرات مناسب نہیں، پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سراج قاسم سومرو

جمعہ 19 نومبر 2021 16:48

سندھ اسمبلی میں ٹی ٹی پی سے متعلق قرارداد کثرت رائے سے منظور
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2021ء) سندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سراج قاسم سومرو کی ایک قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی جو تحریک طالبان پاکستان سے متعلق تھی ۔محرک کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی سے یہ مذاکرات قوم کو اعتماد میں لئے بغیر اور کسی مشاورت کے بغیر کئے جارہے ہیں۔سندھ اسمبلی کا اجلاس جمعہ کو سوا گھنٹہ تاخیر سے ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کی صدارت میں شروع ہوا ۔

(جاری ہے)

دوران اجلاس ایوان نے پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سراج قاسم سومرو کی تحریک طالبان پاکستان سے متعلق ایک قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی ،قرارداد کے محرک نے کہا کہ ایک آرگنائزیشن کی جانب سے ہمارے سپاہیوں اور سیاسی لوگوں کو قتل کیا گیا۔ جب تک آپ اس پالیسی کو ڈسکس نہیں کریں گے ان سے مذاکرات مناسب نہیں کیونکہ ماضی میں ہر پاکستانی کو نقصان برداشت کرنا پڑا ہے۔انہوں نے کہا کہ جب ہم ان کے ساتھ بات کریں تو پہلے اسمبلی میں بات ہونی چاہیے۔میں چاہتا ہوں کہ سندھ اسمبلی سے یہ بات آگے جائے ۔ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی میں بیٹھ کر بات ہو بعدازاں ایوان نے قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیاجبکہ ڈپٹی اسپیکر نے اجلاس پیر کو دوپہر دو بجے تک کے لیے ملتوی کردیا ۔