Live Updates

وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزیر ،پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری ایوان سے غیر حاضر رہے ،حکومتی اور اپوزیشن ارکان کااحتجاج

وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی وزراء کی ایوان سے غیر حاضری پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ، چیئر نے غیر حاضری پر رولنگ دیدی ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے رکن یوڈسٹر چوہان نے حلف اٹھایا ،رکن اسمبلی ارشد جاوید کابات نہ سنے جانے پر سپیکر ڈائس کے سامنے احتجاج

جمعہ 19 نومبر 2021 17:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 نومبر2021ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دوسرے روز بھی وقفہ سوالات کے دوران متعلقہ وزیر ،پارلیمانی سیکرٹری اور سیکرٹری ایوان سے غیر حاضر رہے جس پرحکومتی اور اپوزیشن ارکان نے اپنا احتجاج ریکارڈ کرایا، وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی وزراء کی ایوان سے غیر حاضری پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ، چیئر کی جانب سے وزراء اور محکموں کے سیکرٹریز کی ایوان میں حاضری کو یقینی بنانے سے متعلق رولنگ دیدی ۔

پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز بھی مقررہ وقت کی بجائے دو گھنٹے 50منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین میاں محمد شفیع کی زیر صدارت شروع ہوا ۔اجلاس میں پی ٹی آئی کے ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے رکن یوڈسٹر چوہان نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا ۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ صنعت وتجارت سے متعلقہ سوالات کے جوابات دئیے جانے تھے تاہم متعلقہ وزیر میاں اسلم اقبال اور سیکرٹری صنعت کے بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے وقفہ سوالات موخر کردیا گیا جس پر اعتراض کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رکن رانا محمد اقبال نے کہا کہ اکثر ایسے ہوتا ہے کہ جس محکمہ کے متعلقہ سوالات ہوتے ہیں وہ وزراء ایوان سے غائب ہوتے ہیں ،ہم عوام کو جوابدہ ہیں اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو عوام ہم سے پوچھیں گے۔

سمیع اللہ خان نے کہا کہ میرا زیرو آور نوٹس پچھلے چھ ماہ سے جواب کے لئے متعلقہ وزیر کا منتظر ہے ایوان کو بتایا جائے وہ کب آئیں گے ۔وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ میں انتہائی دکھ سے یہ کہتا ہوں کہ اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ وزراء ایوان سے غیر حاضر رہتے ہیں اور ایوان کی کارروائی میں دلچسپی نہیں لیتے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے ۔وزیر قانون راجہ بشارت نے چیئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس پر جتنی ذمہ داری حکومت اور اپوزیشن کی ہے چیئر کی بھی اتنی ہی ذمہ داری ہے ،چیئر کو چاہیے کو اس پر رولنگ دیں۔

صوبائی وزیر چوہدری ظہیرالدین نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے کہا کہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی،الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا قانون پاس ہوگیا ہے،اس سے اوورسیز پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے،قانون سازی پر اپنے اتحادیوں ایم کیو ایم،(ق) لیگ اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہیں،الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔

جس کے بعد چیئر کی جانب سے رولنگ دی گئی کہ آئندہ جب بھی کسی محکمہ کے متعلقہ سوالات ہوں تواس محکمے کا وزیر اپنی حاضری کو یقینی بنائے اور متعلقہ محکمے کا سیکرٹری ایوان میں آکر بتائے کہ میں آگیا ہوں ۔رکن اسمبلی محمدارشد جاوید نے نکتہ اعتراض پر رحیم یارخان کے مل مالکان کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ مل مالکان ہمیں گنے کی فصل سندھ نہیں لے جانے دیتے ،سندھ میں گنے کی قیمت پنجاب کی نسبت زیادہ ہے اور عدالت کی جانب سے یہ حکم بھی ہے کہ کاشتکار کو جہاں گنے کی زیادہ قیمت ملے وہ وہاں لے جا سکتا ہے، بات نہ سنے جانے پر متعلقہ رکن اسمبلی پلے کارڈ اٹھائے سپیکر چیئر کے سامنے کھڑے ہوگئے۔پینل آف چیئر مین نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس پیر کی صبح 11بجے تک ملتوی کردیا ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات