سندھ اسمبلی نے ٹی ٹی پی سے مذاکرات کرنے کیخلاف قرارداد منظور

ماضی میںہر پاکستانی کو نقصان برادشت کرنا پڑا ہے،جب ہم ان کے ساتھ بات کریں تو پہلے اسمبلی میں بات ہونی چاہیے،سراج قاسم سومرو

جمعہ 19 نومبر 2021 23:39

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2021ء) سندھ اسمبلی نے جمعہ کو اپنے اجلاس میں پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت سراج قاسم سومرو کی ایک قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی جو تحریک طالبان پاکستان سے متعلق تھی۔ محرک کا کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی سے یہ مذاکرات قوم کو اعتماد میں لئے بغیر اور کسی مشاورت کے بغیر کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک آرگنائزیشن کی جانب سے ہمارے جوانوں اور سیاسی لوگوں کو قتل کیا گیا۔

جب تک آپ اس پالیسی پر بحث نہیں کریں گے ان سے مذاکرات مناسب نہیں کرسکتے کیونکہ ماضی میںہر پاکستانی کو نقصان برادشت کرنا پڑا ہے۔جب ہم ان کے ساتھ بات کریں تو پہلے اسمبلی میں بات ہونی چاہیے۔میں چاہتا ہوں کہ سندھ اسمبلی سے بات جائے۔ہم چاہتے ہیں کہ اسمبلی میں بیٹھ کر بات ہو بعدازاں ایوان نے قرارداد کو کثرت رائے سے منظور کرلیا۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی کے اجلاس میں صوبے میں پانی کی قلت اور گیس کے بحران پر صوبائی وزراء نے ایوان کو اعتماد میں لیا۔

علاوہ ازیں صوبائی وزیر جام خان شورو سندھ میں پانی کی قلت پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پانی نہ ہونے کی وجہ سے ہماری لاکھوں ایکڑ زمین بنجر ہورہی ہے اور نئے کینال کی وجہ سے زمین متاثر ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ جلال پور کینال بہت اہم معاملہ ہے اپوزیشن پارٹیوں کی یہ ذمہ داری ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے بات کرے تاکہ مسائل سے بچ سکیں۔

ایوان کی کارروائی کے دوران وزیر توانائی امتیاز شیخ نے سندھ میں گیس کے بحران پر پالیسی بیان دیتے ہوئیکہا کہ کراچی میں گیس نہیں آرہی بچے صبح ناشتے کا انتظار کرتے ہیں، گیس دوائی کی طرح صبح دوپہر شام کو اب ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ کہیں وزیر و مشیر تبدیل ہوگئے لیکن پالیسی وہی ہے توانائی کا مسئلہ ان سے نہیں سنبھل سکتا ,پیٹرولیم کی قیمتیں مہنے میں تین بار بڑھائی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ آئی ایم ایف کے پٹھو بن کر رہ گئے ہیں ان سے توانائی کا مسئلہ سنبھل نہیں سکتا تو اسے ہمارے حوالے کردیں۔قبل ازیں سندھ اسمبلی کا اجلاس ڈپٹی اسپیکر ریحانہ لغاری کی زیر صدارت سوا گھنٹے کی تاخیرسے شروع ہوا۔ کارروائی کے آغاز میں سجاول میں زیادتی کا شکار حسینہ سہتو کی صحت یابی ,رکن سندھ اسمبلی عبد الکریم سومرو کی والدہ اور سابق وفاقی وزیر سید پرویز شاہ کے انتقال پر ان کے لئے دعائے مغفرت کی گئی۔ایوان میں غلام قادر چانڈیو، سکندر میندھرو اور نوید قمر کی صحت یابی کے لئے دعا ہوئی۔