Live Updates

پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دوسرے روز بھی متعلقہ وزیر پارلیمانی سیکرٹری اور اور سیکرٹری زراعت ایوان سے غائب

حکومتی اور اپوزیشن ارکان متعددوزراء کی ایوان سے عدم موجودگی پر برہم۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی وزراء کی غیر حاضری پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا

جمعہ 19 نومبر 2021 23:39

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 نومبر2021ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں دوسرے روز بھی متعلقہ وزیر پارلیمانی سیکرٹری اور اور سیکرٹری زراعت ایوان سے غائب،حکومتی اور اپوزیشن ارکان متعددوزراء کی ایوان سے عدم موجودگی پر برہم۔ وزیر قانون راجہ بشارت نے بھی وزراء کی غیر حاضری پر انہیں تنقید کا نشانہ بنایا ، پینل آف چیئرمین نے وزراء اور محکموں کے سیکرٹریز کی ایوان میں حاضری کو یقینی بنانے کے متعلق رولنگ دیدی، گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کا اجلاس دو گھنٹے پچاس منٹ کی تاخیر سے پینل آف چیئر مین میاں محمد شفیع کی صدارت ہوا اجلاس میں پی ٹی آئی کے ہندو کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے اقلیتی رکن یوڈسٹر چوہان نے اسمبلی رکنیت کا حلف اٹھایا ان سے حلف پینل آف چیئر مین میاں محمد شفیع نے لیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں محکمہ صنعت وتجارت کے متعلقہ سوالات تھے لیکن متعلقہ وزیر میاں اسلم اقبال اور سیکرٹری صنعت کے بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے وقفہ سوالات موخر کردیا، جس پر اعتراض کرتے ہوئے (ن) لیگ کے رکن رانا محمد اقبال نے کہا کہ اکثر ایسے ہوتا ہے کہ جس محکمہ کے متعلقہ سوالات ہوتے ہیں وزراء ایوان سے غائب ہوتے ہیں ہم عوام کو جواب دہ ہیں اگر یہی سلسلہ جاری رہا تو عوام، ہم سے پوچھیں گے، سمیع اللہ خان نے کہا کہ میرا زیرو آور نوٹس پچھلے چھ ماہ سے جواب کے لئے متعلقہ وزیر کا منتظر ہے وہ کب آئیں گے ایوان کو بتایا جائے ابھی وزرائ کا یہ حال ہے آگے کیا ہوگا، جس پر وزیر قانون راجہ بشارت نے وزراء کی ایوان کی کارروائی میں عدم دلچسپی کا اعتراف کیااور کہا کہ میں انتہائی دکھ سے یہ کہتا ہوں کہ ہم وزراء کی ٹیم کو سٹریم لائن نہیں کرسکے اس میں کوئی دو رائے نہیں کہ وزراء ایوان سے غیر حاضر رہتے ہیں اور ایوان کی کارروائی میں دلچسپی نہیں لیتے انہیں ایسا نہیں کرنا چاہیے وزیر قانون نے چیئر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس پر جتنی ذمہ داری حکومت اور اپوزیشن کی ہے چیئر کی بھی اتنی ہی ذمہ داری ہے چیئر کو چاہیے کو اس پر رولنگ دیں، جس کے بعد چیئر کی جانب سے رولنگ دی گئی کہ آئندہ جب بھی کسی محکمہ کے متعلقہ سوالات ہوں تواس محکمے کا وزیر اپنی حاضری کو یقینی بنائے اور متعلقہ محکمے کا سیکرٹری ایوان میں آکر بتائے کہ میں آگیا ہوں ، ایوان میں صوبائی وزیر چوہدری ظہیرالدین نے نقطہ اعتراض پر بات کرتے کہا پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں ریکارڈ قانون سازی ہوئی۔

الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا قانون پاس ہوگیا ہے۔اس سے ہمارے اوورسیز پاکستانیوں کی دیرینہ خواہش پوری ہوگئی ہے۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں سے کیا گیا وعدہ پورا کر دیا ہے۔قانون سازی پر اپنے اتحادیوں ایم کیو ایم، (ق) لیگ اور دیگر کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے صاف شفاف انتخابات کی راہ ہموار ہوگئی ہے۔،پینل آف چیئر مین نے ایجنڈا مکمل ہونے پر اجلاس پیر مورخہ22 نومبر صبح گیارہ بجے تک ملتوی کردیا
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات