Live Updates

حکمرانوں کو اگلے عام انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے،آفتاب شیرپائو

انصاف حکومت اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کی راہ ہموار کرنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو متعارف کر رہی ہے،چیئرمین قومی وطن پارٹی

ہفتہ 20 نومبر 2021 22:09

حکمرانوں کو اگلے عام انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے،آفتاب ..
پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 نومبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے چیئر مین آفتاب احمد خان شیر پائو نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت اگلے عام انتخابات میں دھاندلی کی راہ ہموار کرنے کیلئے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کو متعارف کر رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ڈی ایم کے زیر اہتمام ایک احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

آفتاب شیرپائو نے الیکٹرانک مشین کے استعمال کومسترد کرتے ہوئے کہا کہ حکمرانوں کو اگلے عام انتخابات میں اپنی شکست واضح نظر آرہی ہے۔انہوں نے کہا کہ معاشرے کے تمام طبقات بشمول نوجوان نسل موجودہ حکمرانو ں سے بد ظن ہیں۔انہوں نے کہا کہ بڑھتی ہوئی مہنگائی اور بے روزگاری نے عوام کا جینا دوبھر کر دیا ہے جبکہ پی ٹی آئی کی حکومت صرف طفل تسلیاں دے رہی ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میںآزاد اور شفاف انتخابات کا انعقاد چاہتی ہے تاکہ عوام کو اپنے حقیقی نمائندوں کو منتخب کرنے کا موقع مل سکیں۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم انتخابات کے عمل میںکسی بھی قسم کی دخل اندازی برداشت نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ پی ڈی ایم ملک میں آئینی اور جمہوری اقدار کی بالادستی چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت تمام محاذوں پر ناکام ہو چکی ہے، ملک کی معاشی حالات روبروز ابتر ہو رہی ہے، ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کی شرح مزید بلند ہو گئی ہے۔

انہوںنے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور ملک کی خود مختاری کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف کی ایماء پر بجلی اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ملکی قرضے تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئے ہیں۔آفتاب شیر پائو نے کہا کہ پی ڈی ایم کی جدو جہد دھاندلی کے پیداوارحکمرانوں کو اقتدار کی ایوانوں سے باہر نکالنے تک جاری رہے گی۔پی ڈی ایم کے احتجاجی جلسے میں قومی وطن پارٹی کے عہدیداروں اور پارٹی کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات