Live Updates

گورنر اسٹیٹ بینک کوغیر اعلانیہ طور پر ملک کا وائسرائے بنادیا گیا ہے ،مفتاح اسماعیل

ثاقب نثار کی آڈیو ریکارڈنگ کو امریکی کمپنی نے اصل قرار دیا ہے ۔ جب انصاف فراہم کرنے والے پارٹی بن جاتے ہیں تو اسی طرح ہوتا ہے

پیر 22 نومبر 2021 15:28

گورنر اسٹیٹ بینک کوغیر اعلانیہ طور پر ملک کا وائسرائے بنادیا گیا ہے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 نومبر2021ء) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے مرکزی رہنما اورسابق وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ گورنر اسٹیٹ بینک کوغیر اعلانیہ طور پر ملک کا وائسرائے بنادیا گیا ہے ۔شرح سود میں اضافہ نجی صنعت کے گلے میں پھندا ہے۔جسٹس ثاقب نثار کی آڈیو ریکارڈنگ کو امریکی کمپنی نے اصل قرار دیا ہے ۔ جب انصاف فراہم کرنے والے پارٹی بن جاتے ہیں تو اسی طرح ہوتا ہے ۔

سینیٹ اپوزیشن کی اکثریت ہے ۔وہاں سے حکومت بلز کیسے منظور ہوئے یہ سوال پیپلزپارٹی سے کیا جانا چاہیے ۔پیر کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مفتاح اسماعیل نے کہا کہ ڈیڑھ فیصد شرح سود بڑھا نے سی400 ارب روپے حکومت کا خرچہ بڑھ گیا ہے ۔ ملک میں مہنگائی بڑھتی جارہی ہے یہ حرکات صنعت کے گلے میں پھندا ہے تاریخ کی تیز ترین مہنگائی اس وقت پاکستان میں ہے 51 بنیادی چیزیں مہنگی ہوئی ہیں ،ایل پی جی کی قیمت میں 70 فیصد اضافہ ہوا ،بجلی کی قیمتوں میں 60 فیصد اضافہ ہوا، ہم شرح سود 6 فیصد پر چھوڑ کر گئے تھے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ عمران خان کے تین سال میں مہنگائی بہت بڑھی ہے ۔اسٹاک مارکیٹ تنزلی کا شکار ہے ۔نواز شریف دور میں انڈیکس 53ہزار کی شرح بھی عبور کرگیا تھا ۔ڈالر 105سے 174روپے تک پہنچ گیا ہے ۔اس حکومت نے غربت کو پھیلا دیا ہے ۔نواز شریف اور شہباز شریف کو ڈینگی برادر کہنے والوں سے ڈینگی کنٹرول نہیں ہورہا ہے ۔حکومت کو چاہیے کہ وہ مہنگائی کی طرف توجہ دے ۔

یہاں صورت حال یہ ہے کہ جو بھی مہنگائی کے خلاف بات کرے یہ اس کے مخالف بن جاتے ہیں ۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ بحث مباحثہ کو چھوڑیئے،ملک بھر میں گیس فراہم کی جائے آپ کا کام بحث کرنا نہیں گیس فراہم کرنا ہے، مزید گیس پہنچانے کیلیے پائپ لائن لگوانی پڑے گی ٹرمینل اور پائپ لائن لگوائیں،ملک بھر میں گیس کی فراہمی یقینی بنائیں،نواز شریف کو اپنے بیٹے سے تنخواہ نالینے پہ وزیراعظم ہاؤس سے نکالا گیا جج ارشد ملک سے سزا دلائی گئی الیکشن سے پہلے ضمانت منظور ہونے سے روکی گئی اور اس سب کا ملک کو کیا فائدہ ہوا بجلی گیس دوگنا مہنگی ہوگی پانی روزگار نہیں مل رہا پاکستان مہنگا ترین ملک بن گیاہے ۔

تحریک انصاف کی حکومت میں چینی ،آٹا سمیت تمام اشیاء خورد نوش مہنگی ہوگئی ہیں ۔ایل پی جی اور بجلی کے ریٹ بڑھ گئے ۔انہوںنے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی ایک آڈیو لیک ہوئی ہے ۔امریکا کی کمپنی نے اس آڈیو کو اصل قرار دیا ہے۔آڈیو میں سابق چیف جسٹس ایک جج کو کہہ رہے ہیں کہ مریم نواز کی سزا نہیں بنتی ہے لیکن اس کو سزا دی جائے ۔جسٹس ثاقب نثار نے اس آڈیو کو غلط قرار دیا ہے،انصاف فراہم کرنے والے جب پارٹی بن جاتے ہیں تو اسی طرح ہوتا ہے ۔

انہوںنے کہا کہ اسٹیٹ بینک کے گورنر کو لامحدود اختیارات دینا مناسب نہیں ہے ۔پارلیمنٹ بھی اگر کوئی قانون بنانا چاہتی ہے تو اس کے لیے گورنر اسٹیٹ بینک سے اجازت لینی پڑتی ہے ۔ڈاکٹررضا باقرکو غیر اعلانیہ طور پرپاکستان کاوائسرائے بنادیا گیا ہے۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ حکومت کا چار گھنٹے میں 34بل پارلیمنٹ سے پاس کرالینا درحقیقت اس کی شکست ہے ۔اسمبلی میں جانے سے قبل بلز کو کمیٹیوں میں لایا جاتا ہے اور اپوزیشن سے ان کی منظوری لی جاتی ہے لیکن اس حکومت نے ایسا کچھ نہیں کیا ۔سینیٹ میں اپوزیشن کی اکثریت ہے ۔پیپلزپارٹی کے پاس اپوزیشن لیڈر کا عہدہ ہے اس کی ذمہ داری تھی کہ وہ سینیٹ ان بلز کو منظور نہیں ہونے دیتی ۔اس حوالے سے پیپلزپارٹی سے سوال کیا جانا چاہیے ۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات