ہمیں اپنی آخری سانس تک نظام مصطفیﷺ کا تحفظ کرنا ہے،سعد حسین رضوی

لبیک یا رسول اللہ ﷺ کا نعرہ دین دشمنوں کے دلوں پر دھاک بٹھاتا ہے،امیرٹی ایل پی

پیر 22 نومبر 2021 23:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 نومبر2021ء) تحریک لبیک پاکستان کے امیر حافظ سعد حسین رضوی نے امیر المجاہدین علامہ حافظ خادم حسین رضوی کے پہلے عرس مبارک میں ملک بھر اور دیگر ممالک سے شرکت کرنے والے لاکھوں کارکنان اور عاشقان مصطفی ﷺ کا خصوصی طور پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں اپنی آخری سانس تک نظام مصطفیﷺ اور غلام مصطفی ﷺ کے اعزاز کا تحفظ کرنا ہے، نبی رحمت اللعالمین ﷺ ہماری پہچان ہیں اور لبیک یا رسول اللہ ﷺ کا نعرہ دین دشمنوں کے دلوں پر دھاک بٹھاتا ہے، حافظ سعد حسین رضوی نے کہا کہ کارکنوں نے محدود وقت کے باوجود ملک کے کونے کونے سے شرکت کی اور لاکھوں بوجہ شرکت نہ کرسکے، بے سروساماں ہمارے مہمانوں نے شرکت کرکے ہمیں عزت سے نوازا، انہوں نے خصوصی طور پر میڈیا کا عرس تقریبات کی کوریج پر شکریہ ادا کیا ساتھ ہی انہوں نے کانفرنس کے جملہ انتظامات کرنے والے تحریک کے عہدیداروں اور کارکنوں کو خصوصی طور پر خراج تحسین پیش کیا جنہوں نے عرس کے تین روز تک انتھک اور بے لوث خدمات پیش کیں