سندھ ہائی کورٹ،آمدن سے زائداثاثہ جات اور اختیارات کا ناجائزاستعمال منظور وسان کی عبوری ضمانت میں24دسمبرتک توسیع

دسمبر ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے، تین ماہ ملکی سیاست کے لیے اہم ہیں،نواز شریف ان دنوں میں وطن واپس آسکتے ہیں،منظور وسان کی میڈیا سے گفتگو

منگل 23 نومبر 2021 12:18

سندھ ہائی کورٹ،آمدن سے زائداثاثہ جات اور اختیارات کا ناجائزاستعمال ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2021ء) سندھ ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق کیس میں منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 24 دسمبر کے لیے توسیع کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔منگل کو سندھ ہائی کورٹ میں جسٹس نعمت اللہ پھلپھوٹو کی سربراہی میں بینچ نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے، اختیارات کے ناجائز استعمال سے متعلق نیب انکوائری کیخلاف پیپلز پارٹی رہنما منظور وسان کی درخواست پرسماعت کی۔

دوران سماعت عدالت نے ریمارکس دیئے کہ بتایا جائے، چیئرمین نیب نے انکوائری بند کرنے یا نہ کرنے سے متعلق کیا فیصلہ کیا منظور آسان کے وکیل نے موقف دیا کہ نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا انکوائری بند کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

کئی ماہ گزر گئے، انکوائری سے متعلق آگاہ نہیں کیا گیا۔ پراسیکیوٹر نیب نے کہا کہ انکوئری نیب سکھر منتقل کی جاری ہے۔ رپورٹ بھی سکھر میں جمع کرادیںگے۔

عدالت نے ریمارکس دیئے کہ آپ کو انکوئری سے متعلق رپورٹ سندھ ہائیکورٹ میں پیش کرنا ہوگی۔ عدالت نے منظور وسان کی عبوری ضمانت میں 24 دسمبر کے لیے توسیع کردی۔ عدالت نے آئندہ سماعت پر تفتیشی افسر کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔ عدالت نے مزید سماعت 24 دسمبر تک ملتوی کردی۔ سماعت کے بعد غیر رسمی گفتگو میں پیپلزپارٹی منظور وسان نے کہا کہ دسمبر ہمیشہ خطرناک ہوتا ہے۔

تین ماہ ملکی سیاست کے لیے اہم ہیں،نواز شریف ان دنوں میں وطن واپس آسکتے ہیں۔ آڈیوز اور ویڈیوز لیک ہوتی رہیں مگر رزلٹ کوئی نہیں نکلے گا۔ تین سے چھ ماہ لگ سکتے ہیں کھچڑی جو پک رہی وہ کسی نتیجے پر پہنچے گی۔ حالات خراب ہیں آگے جاکر اور بھی خراب ہوں گے۔ باہر سے کوئی آسکتا ہے جس کا کام ہوگا الیکشن کراکر اقتدار کسی اور کو منتقل کرنا۔ تین ماہ بڑے اہم ہیں نواز شریف واپس آسکتے ہیں۔ کچھ لوگ ملک کو کس طرف لے کر جارہے ہیں پتہ نہیں کیا ہو۔