حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا

منگل 23 نومبر 2021 23:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2021ء) حکومت نے تحریک طالبان پاکستان کی جانب سے سیز فائر کے اعلان کے بعد 100 سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا جن میں اکثریت کا تعلق انٹرمنٹ سینٹرز سے ہے۔نجی ٹی وی کے مطابق حکومت نے تحریک طالبان کے 100سے زائد قیدیوں کو رہا کر دیا ہے۔ رہائی پانے والوں میں اکثریت ان لوگوں کی ہے جو حکومت کے قائم کردہ انٹرمنٹ سینٹرز میں اصلاح کے عمل سے گزر رہے تھے اور انھیں 6ماہ کی اصلاحی عمل کی تکمیل سے پہلے رہا کر دیا ہے۔

رہائی پانے والے دیگر قیدیوں میں پیدل سپاہی شامل ہیں۔سیکیورٹی حکام کے مطابق حکومت پاکستان نے یہ فیصلہ تحریک طالبان ( جن کے ساتھ حکومت کے مذاکرات جاری ہیں ) کے مطالبے پر نہیں کیا بلکہ طالبان کی جانب سے یکم نومبر کو سیز فائر کے اعلان کے بعد خیر سگالی کے طور پر کیا ہے۔

(جاری ہے)

نجی ٹی وی نے اپنے ذرائع سے یہ بھی بتایا ہے کہ ابھی تک حکومت پاکستان یا اس کے نمائندوں کے تحریک طالبان کی مذاکراتی ٹیم سے براہ راست مذاکرات نہیں ہوئے بلکہ مذاکرات کا سلسلہ دونوں طرف کے لئے قابل قبول مذاکرات کاروں کے ذریعے کیا جا رہا ہے۔

ایک اعلیٰ سیکیورٹی اہلکار نے یہ بھی بتایا کہ حکومت نے یہ فیصلہ ماضی کو دیکھ کر اپنی جانب سے کیا ہے اور طالبان کی جانب سے کوئی شرط نہیں عائد کی گئی تھی۔واضح رہے کہ افغانستان میں اگست کے مہینے میں طالبان حکومت کے قیام کے بعد پاکستان نے تحریک طالبان افغانستان کے کہنے پر تحریک طالبان پاکستان سے مذاکرات کا سلسلہ شروع کیا۔ جس میں افغان طالبان نے پاکستانی طالبان کے مستقبل میں امن میں رہنے اور آئین پاکستان تسلیم کرنے کی ضمانت دی ہے۔ جس کے بعد تحریک طالبان سے مذاکرات جاری ہیں۔ یکم نومبر کو تحریک طالبان نے سیز فائر کا اعلان کیا جس پر بدستور عمل جاری ہے۔