میڈیا رپورٹس مسترد، کالعدم ٹی ٹی پی کے اراکین کو رہا نہیں کیا گیا، ذرائع

کالعدم ٹی ٹی پی کے ترجمان نے گرفتار افراد کی رہائی کی رپورٹ مسترد کردی

بدھ 24 نومبر 2021 00:14

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 نومبر2021ء) سیکیورٹی عہدیداروں اور کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے 100 سے زائد ٹی ٹی پی اراکین کو امن معاہدے کے تحت رہا کرنے کی میڈیا رپورٹس مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تاحال کوئی رہائی نہیں ہوئی۔نجی ٹی وی کے مطابق ترجمان کالعدم تنظیم محمد خراسانی نے کہا کہ ٹی ٹی پی کے 100 گرفتار اراکین کی رہائی کے حوالے سے میڈیا کی رپورٹ درست نہیں ہے تاہم جنگ بندی معاہدے پر پوری طور پر کاربند ہیں۔

اس سے قبل میڈیا میں رپورٹس آئی تھیں کہ حکومت نے ٹی ٹی پی کے 100 سے زائد گرفتار ارکان کو گروپ کی جانب سے جنگ بندی کا اعلان کرنے پر خیرسگالی کے طور پر رہا کردیا ہے۔خراسانی نے ٹی ٹی پی کی جانب سے کئی شرائط حکومت کے سامنے رکھے جانے سے متعلق رپورٹس کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ مذاکراتی ٹیم تاحال نہیں ملیں، تو شرائط اور مطالبات کے حوالے سے رپورٹس قبل از وقت ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سیکیورٹی ذرائع نے بھی کالعدم ٹی ٹی پی کے گرفتار افراد کی رہائی کی رپورٹس کی تردید کی۔مذاکراتی عمل سے با خبر عہدیدار نے بتایا کہ میں اس بات کی تصدیق کرسکتا ہوں کہ اب تک کسی کو رہا نہیں کیا گیا اس حوالے سے ایک اور سیکیورٹی عہدیدار نے بتایا کہ تاحال کسی کو رہا نہیں کیا گیا۔نجی ٹی وی کے مطابق وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات فواد چوہدری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ متعلقہ افراد سے پوچھا ہے اور جلد ہی جواب ملے گا۔