پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی عملدرآمد مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے چھ سال کے آڈٹ اعتراضات پر پی اے سی کے احکامات کے تحت عملدرآمد کا جائزہ لیا گیا

بدھ 24 نومبر 2021 12:53

پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی عملدرآمد مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس، وزارت ہائوسنگ ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 نومبر2021ء) پبلک اکائونٹس کمیٹی کی عملدرآمد مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو پارلیمنٹ ہائوس میں کمیٹی کے کنوینر سردار ایاز صادق کی زیرصدارت ہوا۔ اجلاس میں کمیٹی کے رکن خواجہ محمد آصف سمیت متعلقہ سرکاری اداروں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزارت ہائوسنگ و تعمیرات کے 05 ۔ 2004 سے 10 ۔ 2009 تک کے آڈٹ اعتراضات پر پی اے سی کے احکامات کے تحت عملدرآمد کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

سرکاری رہائش گاہوں پر غیرمجاز اداروں کے ملازمین کے قبضوں کے حوالے سے مختلف آڈٹ اعتراضات کا جواب دیتے ہوئے وفاقی سیکرٹری  ہائوسنگ و تعمیرات نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس نے 87 سرکاری رہائش گاہوں پر قبضہ کیا تھا، یہ رہائش گاہیں اب خالی کرا لی گئی ہیں۔ اسی طرح ریڈیو پاکستان کے ملازمین کا بھی بعض رہائش گاہوں پر قبضہ تھا، یہ بھی خالی کرا لیے گئے ہیں، ریکوری کی رقم باقی رہ گئی ہے۔ کمیٹی کے چیئرمین ایاز صادق نے رہائش گاہیں خالی خالی کرانے پر وزارت کی کارکردگی کو سراہا اور ہدایت کی کہ ریکوریز کے حوالے سے متعلقہ وزارتوں کے سیکرٹریز کی مدد لی جائے اور ایک ماہ میں ریکوریز  یقینی بنائی جائیں۔