ابھینندن کو سرکاری اعزاز دینے کا مقصد قاتل کو منصف ،رنگے ہاتھوں پکڑے جانیوالے چور کو پارسا ثابت کرنے کی بھیانک سازش ہے ،شوکت جاوید میر

افواج پاکستان نے دفاع وطن کیلئے جانوں کا نذرانہ پیش کیا ،سفاک مکار،غیرت سے عاری دشمن کے ٹینکوں کے نیچے گھس کر خود کوملک اور قوم پر قربان کرنے کی غیرتمند قوت ایمانی والی داستانیں رقم کی ہیں، رہنماء پیپلز پارٹی

بدھ 24 نومبر 2021 22:30

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 نومبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے رہنما وسابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر نے کہا ہے کہ بھارت کی جانب سے اپنے شکست خوردہ پائلٹ ابھینندن کو سرکاری اعزاز دینے کا مقصد قاتل کو منصف اور رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے چور کو پارسا ثابت کرنے کی مذموم،بھیانک سازش ہے تاکہ تاریخی مغالطوں کے ذریعے آنے والی نسلوں کو پاکستان کے خلاف نفرت اور دشمنی کی روایتی تعلیم دے کر جھوٹ کی تربیت سے تیار کرنا ہے۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلزپارٹی آزادکشمیر کے راہنما وسابق امیدوار اسمبلی شوکت جاوید میر نے گزشتہ روز بھارتی پائلٹ کو گندگی،شرمندگی ،شکست کے بعد گرفتاری اور مارپیٹ کے بعد سرکاری اعزاز سے نوازنے پر تبصرہ کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بہادر افواج پاکستان نے دفاع وطن کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کیا اور سفاک مکار،غیرت سے عاری دشمن کے ٹینکوں کے نیچے گھس کر اپنے آپ کو ملک اور قوم پر قربان کرنے کی غیرت مند قوت ایمانی والی داستانیں رقم کی ہیں۔

جم خانہ میں ناشتہ کرنے والوں نے پسپائی اختیار کر کے اب تک فتح کے جشن منانے کے ذریعے اپنی ہی قوم کو دھوکہ فریب دیا۔شوکت جاوید نے کہا کہ ایک ہزار سے زائد سرحدی فضائی خلاف ورزیوں میں ملوث بھارت نے ایک ہزار بار سرجیکل سٹرائیک کی بھڑکیں ماریں مگر ہمت کبھی مچھر مارنے کی بھی نہیں ہوئی۔البتہ بلاجواز رات کی تاریکی میں لائن آف کنٹرول اور ورکنگ بائونڈری پر گولہ باری کر کے نہتے عوام کو شہید کیا۔

املاک نقصان پہنچایا۔شوکت جاوید میر نے کہا کہ کشمیری قوم بھارت کے خلاف جانوں کا نذرانہ پیش کرنے کے لیے اپنی افواج اور قومی سلامتی کے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی ہے۔پیپلزپارٹی دفاع وطن اور مقبوضہ کشمیر کی آزادی کے لیے بہادر افواج پاکستان کا بازوئے شمشیر زن ہے۔وزیراعظم بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو کو این آر او دے کر قومی تاریخی مجرم بن چکے ہیں۔کشمیر میں دن رات قتل عام ہورہا ہے اور حکومت کو ٹس سے مس نہیں ہورہی،چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں ڈیڑھ کروڑ کشمیری عوام کے ترجمان ہیں۔