بلوچستان میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہی: منیجر افضل خان زرکون

کوئٹہ و تربت میں اس لاعلاج و مہلک مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہی:صوبائی منیجر

بدھ 24 نومبر 2021 23:14

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 نومبر2021ء) صوبائی ایڈز کنٹرول پروگرام محکمہ صحت حکومت بلوچستان کے صوبائی منیجر افضل خان زرکون نے کہا ہے کہ بلوچستان میں ایچ آئی وی ایڈز کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے۔اور کوئٹہ و تربت میں اس لاعلاج و مہلک مرض میں مبتلا مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پراونشل ایڈز کنٹرول نیٹ ورک کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

افضل خان زرکون کے علاوہ ورلڈ ایڈز ڈے کے لئے قائم کور کمیٹی کے ممبران ایف پی اے پی کے مشتاق مینگل ، مرسی کور پاکستان کے سراج خان کاسی،سوشیو پاکستان کے امان اللہ کاکڑ۔ اساس پی کے کے وطن یار خلجی، ممتاز مذھبی اسکالر ڈاکٹر عطا الرحمن نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس میں اس سال ورلڈ ایڈز ڈے کو پراونشل ایڈز کنٹرول پروگرام کے تحت نیٹ ورک کے تعاون سے 25 نومبر سے لیکر 5 دسمبر تک منانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

اس دس روزہ مہم کے دوران مختلف نوعیت کی سرگرمیاں منعقد کی جائینگی۔ جن میں اویرنیس سیمینارز ۔ کانفرنسز، میگا ایونٹ ، میڈیا میم، ایف ایم ریڈیو اور مقامی ٹی وی کیبل پر پروگرامز کے علاہ محکمہ صحت کے اداروں اور تعلیمی اداروں میں تقریبات منعقد کئے جائینگے۔ صوبائی منیجر افضل خان زرکون نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ ایڈز کی وبا لوگوں میں لاعلمی اور آگہی نہ ہونے کی وجہ سے پھیلتی جارہی ہے جو کہ اچھی بات نہیں ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں اس مرض کی ایک وجہ لوگوں کی جانب سے احتیاطی تدابیر اختیار نہ کرنا بھی ہے۔ ہم اس دس روزہ مہم کے دوران مختلف اویرنیس پروگراموں کے ذریعے لوگوں کو ایڈز کے پھیلنے سے متعلق معلومات اور بچا کے احتیاطی تدابیر بتائیں گے۔ کیونکہ ہم سب نے ملکر اویرنیس پر کام کرنا ہوگا۔ ایڈز روک تھام نیٹ ورک کے تمام ساتھی اس سلسلے میں بھرپور کردار ادا کریں۔

اس کے علاہ علما کرام اور اساتذہ کرام بھی اس مہم میں حصہ لیکر اپنا بھرپور اور موثر کردار ادا کر سکتے ھیں۔ افضل خان زرکون نے کہا کہ دس روزہ مہم 25 نومبر سے شروع کیا جائیگا۔ ایڈز روک تھام نیٹ ورک کے ساتھ بی اے سی پی کی جانب سے ڈاکٹر داد اچکزئی ، ڈاکٹر ممتاز مگسی، عبدالرف بلوچ۔محمد خان زھری اور محمد اشفاق یاسین زئی اس مہم میں بھرپور حصہ لینگے۔