پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، شہری پیٹرول لینے کے لیے دودھ کا ڈرم ہی لے آیا

شہری نا صرف اپنی گاڑیوں اور موٹر سائیکلوں میں پیٹرول بھرواتے رہے بلکہ پیٹرول بھروانے کے لیے بوتلیں بھی لاتے رہے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 25 نومبر 2021 14:39

پیٹرولیم ڈیلرز کی ہڑتال، شہری پیٹرول لینے کے لیے دودھ کا ڈرم ہی لے آیا
حیدر آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 نومبر 2021ء) : پیٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن نے منافع کے مارجن کو بڑھانے کے لیے ملک بھر میں ہڑتال کر رکھی ہے جس کے پیش نظر شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ایسے میں پی ایس او اور شیل نے اس ہڑتال سے لاتعلقی کا اعلان کیا اور شہریوں کو پیٹرول کی فراہمی کو یقینی بنانے کی حتی الامکان کوشش کی لیکن دوسری جانب شہری نا صرف موٹرسائیکلز اور گاڑیوں میں پیٹرول بھرواتے رہے بلکہ اپنے ساتھ بوتلیں بھی لاتے رہے۔

ایسے میں حیدر آباد سے ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی جس میں دیکھا گیا کہ ایک شہری پیٹرول بھروانے کے لیے دودھ کا ڈرم ہی لے آیا۔ حیدرآباد کے ایک پیٹرول پمپ کی اس وائرل ویڈیو میں میں دودھ فراہم کرنے والی گاڑی کے پیچھے دودھ کے ڈرم رکھے دیکھے جاسکتے ہیں جب کہ شہری ان ہی میں سے ایک ڈرم میں پیٹرول بھروا رہا ہے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ بیشتر پیٹرول پمپس بند ہونے سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا ہے، کئی شہروں میں کہیں پیٹرول پمپس کھلے تو کہیں بند ہیں، جہاں پیٹرول دستیاب وہاں لوگوں کی لمبی لائنیں لگ گئیں، پیٹرول کے اس نئے بحران کی وجہ سے شہری پریشان ہیں۔

ڈیلرز کا مطالبہ ہے کہ اُن کے منافع کا مارجن بڑھا کر 6 فیصد کیا جائے، منافع بڑھانے تک حکومت سے مذاکرات بھی نہ کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ رپورٹ کے مطابق صرف ایمبولنس کو پیٹرول مہیا کیا جائے گا۔ دوسری جانب ملک کے مختلف شہروں میں پیٹرولم پمپس پر جزوی دستیابی جاری ہے۔ اس حوالے سے پاکستان اسٹیٹ آئل (پی ایس او) اور شیل کی جانب سے ملک بھر میں کمپنی کی زیرِ ملکیت کھولے گئے پیٹرول پمپس کی فہرست جاری کی گئی، اس فہرست کے مطابق پی ایس او کے کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہیں۔

کراچی میں کلفٹن روڈ، عبداللّٰہ شاہ غازیؒ کے مزار کے قریب، خیابانِ اتحاد، کورنگی، مین کورنگی روڈ، نارتھ ناظم آباد بلاک اے اور کے ڈی اے ورکشاپ شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں جہاں پیٹرول دستیاب ہے۔ جبکہ شیل کی جانب سے بھی کراچی میں 7 مقامات پر پیٹرول پمپ کھلے ہوئے ہیں۔ شیل کی جانب سے جاری کردہ فہرست کے مطابق کراچی میں عسکری مین راشد منہاس روڈ، ایم اے جناح روڈ، خیابانِ بحریہ ڈیفنس فیز 5، سن سیٹ بلیوارڈ ڈیفنس فیز 2، کلفٹن بلاک 8، مین سپر ہائی وے گیٹ اور شارعِ فیصل پر واقع پیٹرول پمپس پر پیٹرول دستیاب ہے۔

دوسری جانب لاہور میں ایمپرس روڈ پر واقع پی ایس او پیٹرول پمپ پر پیٹرول کی سپلائی بند کر دی گئی۔ ایمپرس روڈ پر واقع ہس مارٹ پٹرول پمپ ٹینٹ لگا کر بند کر دیا گیا۔ پیکو روڈ پر پی ایس او پمپ کی جانب سے بھی پیٹرول کی فراہمی بند کر دی گئی۔ یو ای ٹی جی ٹی روڈ پر پی ایس او کے دونوں پمپس بند کر دیئے گئے، پیکو روڈ پر شیل، ٹوٹل اور اٹک کی جانب سے پیٹرول کی فروخت کا سلسلہ جاری ہے۔ میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا کہ ماڈل ٹاؤن فیروزپور روڈ پر واقع شیل پمپ پر پیٹرول کی فروخت جاری ہے جبکہ ماڈل ٹاؤن لنک روڈ پر واقع ٹوٹل پمپ کو بھی بند کر دیا گیا ہے۔