آرپی او سرگودھا کا اوورسیز پاکستانی کو مقدمہ میں جان بوجھ کر نامزد کرنے اور اس کو گرفتار کرنے کی کوشش کرنے والے تفتیشی افسر کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا حکم

جمعہ 26 نومبر 2021 14:36

آرپی او سرگودھا کا اوورسیز پاکستانی کو مقدمہ میں جان بوجھ کر نامزد ..
سرگودھا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) ریجنل پولیس آفیسر سرگودھا ریجن ڈی آئی جی محمد فیصل رانانے اوور سیز شہری کی شکایت کا نوٹس لیتے ہوئے اوورسیز پاکستانی کو مقدمہ میں جان بوجھ کر نامزد کرنے اور اس کو گرفتار کرنے کی کوشش کرنے والے تفتیشی افسر کے خلاف سخت کاروائی کرنے کا حکم دیا۔جس پر ایس پی انوسٹی گیشن نے تحقیقات مکمل کرتے ہوئے تفتیشی آفیسر کو معطل کرکے چارج شیٹ جاری کر دیا۔

زرائع کے مطابق آر پی او سرگودھا ریجن ڈی آئی جی محمد فیصل رانا کے عوامی مسائل سننے کے دوران اسلام آباد سے آئے اوور سیز پاکستانی انجم مبشر مغل بیلجیم نیشنلٹی نے شکایت کی کہ اس کو تھانہ شاہ پور صدر کے تفتیشی افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد خالد نے 15 اکتوبر 2021 کو نامعلوم کے خلاف درج مقدمہ 468/21، بجرم 496/A,376 ت پ میں جان بوجھ کر نہ صرف نامزد کیا بلکہ اسلام آباد سے گرفتار کرنے کی کوشش کی۔

(جاری ہے)

شہری نے بتایا کہ اس الزام کی وجہ سے اس کی بیٹیوں نے بول چال تک چھوڑ رکھی ہے۔آر پی او نے اس شکایت پر فوری نوٹس لیتے ہوئے ایس پی انوسٹی گیشن سرگودھا کو میرٹ پر تحقیقات کر کے ذمہ داران کے خلاف سخت ایکشن لینے کا حکم جاری دیا۔جس پر انکوائری آفیسر ایس پی انوسٹی گیشن نے تفتیشی افسر اسسٹنٹ سب انسپکٹر محمد خالد کو تحقیقات کرتے ہوئے معطل کر کے پولیس لائن کلوز کر دیا اوراس کے خلاف چارج شیٹ جاری کر دی۔

اس موقع پر آر پی او محمد فیصل رانا نے کہا کہ محکمہ پولیس کو بدنام کرنے والے پولیس اہلکاروں کی اس محکمہ میں کوئی گنجائش نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو انصاف کی فراہمی کویقینی بنانے کے لیے تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لائیں۔شہریوں کو انصاف اور تحفظ فراہم کر کے ہی معاشرے میں امن کا قیام یقینی بنایا جا سکتاہے۔پولیس افسران و اہلکار عوام الناس کے ساتھ اپنا طرز عمل بہترین رکھیں۔

فری اور فوری مقدمات کے اندراج کے ساتھ ساتھ تفتیشی افسران اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کے ذریعہ سے مقدمات کو میرٹ پر یکسو کریں۔جرائم پیشہ افراد کے خلاف بلا امتیاز قانونی کاروائی کی جائے۔شہریوں کی داد رسی کر کے ہی عوام کا پولیس پر اعتماد بڑھایا جا سکتا ہے۔آر پی او نے کہا کہ عوام کی شکایات سننے اور ان کو میرٹ پر حل کرنے کے لیے پولیس افسران مقرر کردہ اوقات کار کے مطابق اپنے دفاتر میں موجود رہیں اور سروس ڈلیوری کو بہتر طور پر سر انجام دیں۔

متعلقہ عنوان :