بلوچستان میں ٹی بی اور ایڈز کی روک تھام کیلئے ہمیں ملکرکام کرنے کی ضرورت ہے ،ڈاکٹر آصف انور شاہوانی

ٹی بی اور ایڈز سے بچائوبارے عوام میں شعور اور آگاہی پیداکرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا

جمعہ 26 نومبر 2021 17:05

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 نومبر2021ء) صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام کے پروانشل منیجر ڈاکٹر آصف انور شاہوانی ،پراونشل منیجر ایڈز کنٹرول پروگرام بلوچستان ڈاکٹر افضل زرکون نے کہا ہے کہ صوبے میں ٹی بی اور ایڈز کی روک تھام کیلئے ہمیں ملکرکام کرنے کی ضرورت ہے ٹی بی اور ایڈز سے بچاو کے حوالے سے عوام میں شعور اور آگاہی پیداکرنے کیلئے تمام دستیاب وسائل کو بروئے کارلایا جائے گا۔

یہ با ت انہوں نے صوبائی ٹی بی کنٹرول پروگرام اور ایڈز کنٹرول پروگرام ،مرسی کور اور ایس پی او کے ساتھ منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے اجلاس میں مرسی کور بلوچستان کے ڈاکٹر سعید اللہ خان ،ایس پی اوکی پاکستان میں کنٹری ہیڈ شازیہ شاہین ، ڈاکٹر داؤد اچکزئی، ڈاکٹر خرم ہادی، ڈاکٹر وکیل شیرانی ، حضرت بلال ، ایم ڈی آر کوآرڈینیٹر ڈاکٹر ظفر خوستی ، ڈاکٹر بھوال ، ڈاکٹر کے ڈی اور ڈاکٹر امدادنے شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں بلوچستان میں ٹی بی کنٹرول پروگرام اور ایڈز کنٹرول پروگرام کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ ٹی بی اور ایڈز خطرک مرض ہے جس سے عوام کو محفوظ رکھنے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں ٹی بی اور ایڈز کے حوالے سے عوام میں شعور اورآگاہی پیدا کرنے کیلئے وقتاً فوقتاً واک،سمینارز کا انعقادکیا جاتا ہے اور عوام کو ٹی بی اورایڈز سے بچاو کے حوالے سے آگاہی دی جاتی ہے۔

انہو ں نے کہا کہ صوبائی حکومت اور صوبائی وزیر صحت سیدا حسان شاہ کی خصوصی ہدایت پرصوبے کے عوام کو طبی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کی راہ میں کسی بھی قسم کی رکاوٹ کو قبول نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو چاہئے کہ وہ ٹی بی اور ایڈز سے بچاو کیلئے حفاظتی تدابیر پرعملدرآمدکریں تاکہ وہ موذی مرض سے محفوظ رہ سکیں۔