محمد حفیظ، شعیب ملک سلیکشن کمیٹی کے فیوچر کے پلانز سے باہر، ذرائع

سابق کپتان سرفراز احمد اور عماد وسیم بھی ویسٹ انڈیز کیخلاف ہوم سیریز میں سکواڈ کا حصہ نہیں ہونگے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعہ 26 نومبر 2021 17:21

محمد حفیظ، شعیب ملک سلیکشن کمیٹی کے فیوچر کے پلانز سے باہر، ذرائع
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 26 نومبر 2021ء ) تجربہ کار آل رائونڈرز شعیب ملک اور محمد حفیظ قومی سلیکشن کمیٹی کے فیوچر کے پلانز میں شامل نہیں رہے۔ ذرائع کے مطابق ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز میں قومی ٹیم کے سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور عماد وسیم بھی اسکواڈ کا حصہ نہیں ہوں گے۔قومی سلیکشن کمیٹی کے ذرائع نے بتایا کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز کیلئے قومی سکواڈ کی تشکیل پر مشاورت جاری ہے، چیئرمین پی سی بی رمیز راجا کی رائے کو بھی اہمیت دی جا رہی ہے۔

ویسٹ انڈیز کے خلاف وائٹ بال ہوم سیریز کیلئے سکواڈ کا اعلان بنگلا دیش میں جاری پہلے ٹیسٹ میچ کے بعد کیا جائے گا ، 39 سالہ شعیب ملک اور 41 سالہ محمد حفیظ سے متعلق خبریں ہیں کہ وہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ہوم سیریز سے دستبردار ہو گئے ہیں۔

(جاری ہے)

دوسری جانب سلیکشن کمیٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ دنوں کھلاڑیوں کی دستبرداری کی خبریں اپنی جگہ پر ہیں مگر وہ مستقبل کے پلانز کا حصہ بھی نہیں ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ہوم سیریز میں نیا کمبی نیشن آزمانے کا پلان بنایا گیا ہے، سابق کپتان اور وکٹ کیپر بلے باز سرفراز احمد اور عماد وسیم بھی ہوم سیریز میں ٹیم کا حصہ نہیں ہوں گے۔ واضح رہے کہ ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کراچی میں شیڈولڈ ہے جس میں 3 ون ڈے اور 3 ٹی ٹونٹی میچز کھیلیں جائیں گے۔