ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ظفر اقبال قریشی کی مدت ملازمت ، سرکاری عہدے سے ریٹائر

; اپنی عملی زندگی کا آغاز بطور اسسٹنٹ ریسرچ آفیسر 1987 میں کیا ، 34 سالہ مدت ملازمت میں کپاس ،آلو اوربائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں مختلف عہدوں پر تعینات رہے

جمعہ 26 نومبر 2021 19:30

i فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 26 نومبر2021ء) 2021ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ فیصل آباد کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر محمد ظفر اقبال قریشی آج اپنی مدت ملازمت مکمل کرکے اپنے سرکاری عہدے سے ریٹائر ہوگئے ہیں انہوں نے اپنی عملی زندگی کا آغاز بطور اسسٹنٹ ریسرچ آفیسر 1987 میں کیا اور 34 سالہ مدت ملازمت میں کپاس ،آلو اوربائیو ٹیکنالوجی کے شعبہ جات میں مختلف عہدوں پر تعینات رہے اس دوران انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی برطانیہ سے پلانٹ بریڈنگ میں پی ایچ ڈی اور جارجیا یونیورسٹی امریکہ سے پوسٹ ڈاکڑیٹ کی ڈگری حاصل کی ان کی آخری تعیناتی بطور چیف سائنٹسٹ وڈائریکٹر جنرل زراعت ریسرچ پنجاب تھی۔

انہوںنے اپنے کیریئر کے دوران کپاس، گندم، پھلوں اور سبزیوں کی 50 سے زائد اقسام دریافت کیں جبکہ قومی و بین الاقوامی سطح کے جرائد و رسائل میں 120 مقالاجات شائع کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

2009میں حکومت پنجاب کے طرف سے انکی اعلی کارکردگی پر آئوٹ سٹینڈنگ سائنٹسٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔ ایوب ریسرچ میں منعقدہ تقریب میں پنجاب بھر کے زرعی سائنسدانوں کی طرف سے ان کے اعزاز میں ایک الوداعی تقریب بھی منعقد کی گئی جس میں ڈاکٹر عابد محمود چیف ایگزیکٹو پارب بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے ڈاکٹر عابد محمود نے ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کی زراعت میں جدید تحقیق کے فروغ کے لیے خدمات کو نہ صرف سراہا بلکہ نوجوان زرعی سائنسدانوں کے لئے ایک مشعل راہ بھی قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر ظفر اقبال ایک بہترین ذ*سائنسدان ہونے کے ساتھ ساتھ ایک باکردار انسان بھی ہیں۔ مہمان خصوصی نے ملازمت کی کامیاب تکمیل پر ڈاکٹر ظفر اقبال کو مبارکباد دی ۔دیگر زرعی سائنسدانوں کی طرف سے بھی ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کی خدمات کے اعتراف میں خراج تحسین پیش کیا گیا اور ان کی جانب سے ڈاکٹر ظفر اقبال قریشی کو پھولوں کے گلدستے اور تحائف پیش کر کے رخصت کیا گیا۔