پنجاب میں نجی و سرکاری اسکول ہفتے میں 3 دن بند رہیں گے

اسکولوں میں ہفتہ، اتوار اور پیر کو چھٹی ہو گی، فیصلے کا اطلاق 27 نومبر سے ہو گا، نوٹیفیکیشن جاری

muhammad ali محمد علی جمعہ 26 نومبر 2021 21:11

پنجاب میں نجی و سرکاری اسکول ہفتے میں 3 دن بند رہیں گے
لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 26 نومبر 2021ء) پنجاب میں نجی و سرکاری اسکول ہفتے میں 3 دن بند رہیں گے، اسکولوں میں ہفتہ، اتوار اور پیر کو چھٹی ہو گی، فیصلے کا اطلاق 27 نومبر سے ہو گا، نوٹیفیکیشن جاری۔ نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کے مطابق پنجاب حکومت نے صوبے میں سموگ کی تشویش ناک صورتحال کے پیش نظر تعلیمی اداروں کو ہفتے میں 3 دن بند رکھنے کا فیصلے پر عملدرآمد کیلئے نوٹیفیکیشن جاری کر دیا ہے۔

جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق 27 نومبر سے صوبے کے نجی و سرکاری اسکول ہفتے میں 3 دن، ہفتہ، اتوار اور پیر کو بند رہیں گے۔ خیال رہے کہ پنجاب میں اسموگ اور بڑھتی ہوئی آلودگی کے پیش نظر صوبائی حکومت نے چند روز قبل اہم فیصلے کیے تھے۔ 22 نومبر کو صوبائی حکومت کی جانب سے سموگ کے باعث لاہور میں تعلیمی ادارے ہفتے میں تین دن بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

22 نومبر کو جاری نوٹی فکیشن کے مطابق لاہور کے سرکاری اور نجی اسکول ہفتے میں تین دن بند رہیں گے ، تعلیمی ادارے ہفتہ ، اتوار اور پیر کو بند رہیں گے ، 27 نومبر سے 15 جنوری تک نوٹیفیکیشن پر عمل درآمد جاری رہے گا اس دوران سرکاری ، پرائیوٹ تعلیمی ادارے اسکولز کالجز اور اکیڈمیز نہیں کھولے جائیں گے ۔ دوسری جانب وسطی پنجاب کے مختلف علاقے آج بھی فضائی آلودگی کی لپیٹ میں ہیں، جبکہ صوبے کے مختلف شہروں میں اسموگ نے ڈیرے ڈال رکھے ہیں۔

لاہور دنیا کےآلودہ ترین شہروں میں آج بھی سر فہرست رہا، جبکہ لاہور کی فضا آلودہ ہونے سے شہریوں کو سانس لینے میں بھی دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ ائیر کوالٹی انڈیکس کے مطابق لاہور میں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 379 ہے۔ پاکستان میں سب سے آلودہ شہر بہاولپور ہے جہاں پارٹیکیولیٹ میٹرز کی تعداد 439 ہے، اس فہرست میں فیصل آباد 424 پرٹیکیولیٹ میٹرز کے ساتھ دوسرے اور لاہور تیسرے نمبر پر ہے۔

ایئر کوالٹی انڈیکس کی درجہ بندی کے مطابق 151 سے 200 درجے تک آلودگی مضرِ صحت ہے۔ ایئر کوالٹی انڈیکس کے مطابق 201 سے 300 درجے تک آلودگی انتہائی مضرِ صحت ہے، جبکہ 301 سے زائد درجہ خطرناک آلودگی کو ظاہر کرتا ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم بدستورخشک اور سردرہے گا، پنجاب کے میدانی علاقوں میں سموگ، ہلکی دھندچھائی رہے گی۔