Live Updates

پاکستانی فاسٹ بائولرز 28 سالہ ریکارڈ توڑنے کے قریب

2021ء میں ابتک 22.89 کی اوسط سے 95 وکٹیں حاصل کرچکے ،1993ء میں 21.49 کی اوسط سے 99 وکٹیں لی تھیں

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب ہفتہ 27 نومبر 2021 12:54

پاکستانی فاسٹ بائولرز 28 سالہ ریکارڈ توڑنے کے قریب
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 27 نومبر 2021ء ) 1993ء کے بعد سے رواں سال ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے فاسٹ بولرز کے لیے بہترین سال رہا ہے جس میں پاکستانی فاسٹ بولرز اب تک 22.89 کی اوسط سے 95 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں، اس سے قبل 1993ء میں پاکستانی فاسٹ بائولرز نے ایک سال میں 21.49 کی اوسط سے 99 وکٹیں لی تھیں۔
دوسری جانب قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی ایک سال کے دوران ٹیسٹ میچ میں پانچ وکٹیں لینے والے 5ویں پاکستانی بولر بن گئے۔

کرکٹ ایکسپرٹ مظہر ارشد کے مطابق اس سے قبل پاکستان کی جانب سے یہ کارنامہ عمران خان نے 1982ء اور وقار یونس نے 1990ء میں انجام دیا۔ یاسر شاہ 2017ء اور ثقلین مشتاق 1999ء میں ایک سال میں 5 مرتبہ اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرچکے ہیں ۔ قومی ٹیم کے سابق کپتان وقار یونس 1993ء کے کلینڈر ایئر میں سب سے زیادہ مرتبہ اننگز میں 5 شکار کرنے کا اعزاز رکھتے ہیں جس میں وہ 6 مرتبہ پانچ وکٹیں حاصل کرچکے ہیں۔

(جاری ہے)

قومی ٹیم کے فاسٹ بولر حسن علی نے یہ کارنامہ پاکستان اور بنگلادیش کے درمیان چٹاگانگ میں کھیلے جانے والے پہلے ٹیسٹ میچ کے دوران انجام دیا۔ حسن علی نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے بنگلادیش کے پانچ کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا جس میں انہوں نے شادمان اسلام، لٹن داس، یاسر علی، ابوجاوید اور عبادت حسین کی وکٹیں حاصل کیں۔ حسن علی کی شاندار بولنگ کی بدولت بنگلادیش کی ٹیم پہلی اننگ میں 330 رنز پر پویلین لوٹ گئی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات