آل پاکستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا آغاز

پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سید مدد علی شاہ نے افتتاح کردیا

ہفتہ 27 نومبر 2021 16:30

آل پاکستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو شوٹنگ بال ٹورنامنٹ کا آغاز
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) الجبار تھیبہ شوٹنگ بال کلب ٹنڈو الہیار سندھ کے زیر اہتمام "دوسرا آل پاکستان شہید محترمہ بے نظیر بھٹو شوٹنگ بال ٹورنامنٹ 2021؁ء "کا آغاز ہوگیا ،پاکستان شوٹنگ بال فیڈریشن کے سیکریٹری جنرل سید مددعلی شاہ نے سردار عبدالشکور تھیبو کے ہمراہ پر وقار تقریب میں ٹورنامنٹ کا افتتاح کردیا ۔

ٹورنامنٹ کا افتتاحی میچ MKڈل شوٹنگ بال کلب بدین نے مد مقابل العثمان گیلانی شوٹنگ بال کلب اوکاڑہ کو سخت مقابلے کے بعد 14کے مقابلے میں 16پوائنٹس سے شکست دیدی ،میچ میں اشفاق شاکی ،سید محمد علی شاہ ،چوہدری سلیم ،سید شیر علی شاہ اور اعجاز احمد نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا ،میچ کے اختتام پر مہمان خصوصی سید مدد علی شاہ نے شاندار کھیل پر دونوں ٹیموں کے کپتانوں کو نقد انعام سے نوازا۔

(جاری ہے)

چیف آرگنائزر محمد رفیق تھیبو اور آرگنائزر عبدالحفیظ تھیبو نے بتا یا کہ ٹورنامنٹ میں 2پول بنا ئے گئے ہیں Aپول میں میچز الفرید کلب ساہیوال بمقابلہ احباب کلب خان پور ،راشدی کلب ٹنڈو الہیار بمقابلہ الرحمن تھیبہ کلب ،العثمان گیلانی کلب بمقابلہ شفیع سرکی کلب ٹھل اور قربان کلب دادو بمقابلہ قاضی کلب ٹھیری جبکہ پول Bمیں میچز تھیبہ کلب سندھ بمقابلہ الجبار تھیبہ کلب ،نصر پور کلب بمقابلہ الرحمن تھیبہ کلب ،بلوچستان شوٹنگ بال ٹیم بمقابلہ سروری کلب حیدرآباد ،لاشاری کلب بمقابلہ MKڈل کلب بدین کے مابین کھیلا جائیگا ۔