Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے علیم خان کا استعفٰی منظور کرلیا

سینئر وزیر اور وزیر خوراک کی حیثیت سے آپ نے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب کا علیم خان سے مکالمہ

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 27 نومبر 2021 15:37

وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے علیم خان کا استعفٰی منظور کرلیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 27 نومبر 2021ء) : وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے علیم خان کا استعفیٰ قبول کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار سے سینئر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران علیم خان نے ذاتی مصروفیات کی بنا پر وزارت سے مستعفی ہونے کے فیصلے سے وزیراعلیٰ پنجاب کو آگاہ کیا۔

ملاقات میں عبدالعلیم خان نے وزارت سے عہدے کا استعفیٰ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو پیش کیا جو وزیراعلیٰ پنجاب نے منظور کرلیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے صوبائی وزیر کی حیثیت سے سر انجام دی جانے والی خدمات پر علیم خان کو سراہا اور کہا کہ آپ پارٹی کا اثاثہ ہیں، پارٹی کیلئے آپ کی خدمات قابل قدر ہیں، سینئر وزیر اور وزیر خوراک کی حیثیت سے بھی آپ نے نمایاں خدمات سرانجام دیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گذشتہ روز پنجاب حکومت کے سنیئر وزیر خوراک عبدالعلیم خان نے وزارت سے استعفٰی دیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علیم خان نے گذشتہ روز مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں بتایا تھا کہ وزیراعظم عمران خان سے ہونے والی ملاقات میں اُنہیں قائل کیا کہ اپنے نیوز چینل سماء نیوز کے حوالے سے غیر جانبداری قائم رکھنے کے لئے ضروری ہے کہ میرے پاس کوئی حکومتی عہدہ نہ ہو لہٰذا بطور سینئر وزیر خوراک حکومت پنجاب اب میرا استعفٰی قبول فرما لیں۔

انہوں نے کہا کہ میں وزیراعظم کا ممنون ہوں کہ انہوں نے میری گزارش قبول کر لی ہے۔ میں اپنا استفعیٰ وزیراعلیٰ کو بھجوا رہا ہوں۔ خیال رہے کہ قبل ازیں 11ستمبر2021ء کو بتایا گیا تھا کہ سینئیر صوبائی وزیرپنجاب عبدالعلیم خان نے وزارت سے مستعفی ہونے کا فیصلہ کیا تھا۔ علیم خان نے استعفے میں مؤقف اپنایا کہ ذاتی مصروفیات کی بنا پر وزارت نہیں سنبھال سکتا، اس لیے استعفا قبول کیا جائے۔

سینئیر صوبائی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا کہ وزیراعظم سے 6 ماہ پہلے ملاقات ہوئی تھی ، ملاقات میں مستعفی ہونے کی اجازت مانگی تھی ، وزیراعظم نے مجھے انتظار کرنے کا کہا تھا، وزیراعظم کو بتایا تھا کہ میں ذاتی مصروفیات کی بناء پر ذمہ داری جاری نہیں رکھ سکتا، وزیراعظم جب بھی منظوری دیں گے میں کابینہ سے مستعفی ہوجاؤں گا، ابھی میں بطور وزیر کام کررہا ہوں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات