کامیاب جوان پروگرام کے تحت جامعہ این ای ڈی میں ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی، گورنر سندھ

یونیورسٹیز اعلیٰ تعلیم ، تحقیق اور ترقی کے مراکز ہوتے ہیں جن کا براہ راست اثر قومی معیشت پر پڑتا ہے،این ای ڈی کے کانووکیشن سے خطاب

ہفتہ 27 نومبر 2021 21:18

کامیاب جوان پروگرام کے تحت جامعہ این ای ڈی میں ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) گورنر سندھ عمران اسماعیل نے کہا ہے کہ ہمارے ملک کی ترقی کا دارومدار جامعات سے فارغ التحصیل ہونہار ، قابل اور با صلاحیت طلباء و طالبات کے ساتھ جڑا ہوا ہے کیونکہ یونیورسٹیز اعلیٰ تعلیم ، تحقیق اور ترقی کے مراکز ہوتے ہیں جن کا براہ راست اثر قومی معیشت پر پڑتا ہے۔ این ای ڈی یونیورسٹی کے فارغ التحصیل طلباء و طالبات نہ صرف پاکستان بلکہ شمالی امریکہ ، یورپ اور آسٹریلیا سمیت پوری دنیا کے دیگر ممالک کے اہم عہدوں پر خدمات انجام دے رہے ہیں اور پاکستان کا نام روشن کررہے ہیں۔

یہ بات قابل فخر ہے کہ این ای ڈی یونیورسٹی میں پی ایچ ڈی اساتذہ کی تعداد میں کافی اضافہ ہوا ہے جن میں سے بیشتر معروف بین الاقوامی یونیورسٹیز میں اپنی خدمات بھی سرانجام دے چکے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے این ای ڈی یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے 30 ویں کانووکیشن کے پہلے سیشن کی پروقار تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ گورنر سندھ نے کہا کہ کامیاب جوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو ڈھائی کروڑ روپے تک کا قرضہ فراہم کیا جارہا ہے تاکہ نوجوانوں کو اس قابل بنایا جا سکے کہ وہ نوکری ڈھونڈنے کے بجائے نوکری دینے والے بن جائیں ۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے "کامیاب جوان پروگرام" کے تحت طلباء و طالبات کی سہولت کے لئے جامعہ این ای ڈی میں ہیلپ ڈیسک قائم کی جائے گی۔ گورنر سندھ نے طلباء و طالبات کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو آپ لوگوں سے بہت توقعات وابستہ ہیں اور میں چاہتا ہوں کہ آپ اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے ملک کی تعمیر و ترقی میں اپنا بھرپور حصہ ڈالیں۔

گورنر سندھ نے مذید کہا کہ یونیورسٹی کو بہترین انداز میں چلانے اور اسے عصری تقاضوں سے ہم آہنگ کرنے پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حشمت لودھی اور ان کی پوری ٹیم لائق مبارکباد ہے۔ گورنر سندھ نے اس بات کی بھی یقین دہانی کروائی کہ حکومت این ای ڈی یونیورسٹی کو تعلیمی منصوبوں ، تحقیق اور ترقیاتی پروگرامز میں مدد فراہم کرنے میں معاونت جاری رکھے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شیخ الجامعہ این ای ڈی پروفیسر ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے بتایا کہ 18 پی ایچ ڈی ڈگری دینے والی ہم ملک کی پہلی ’’انجینئرنگ جامعہ‘‘ ہیں، جلسہ تقسیم اسناد 2021میں 18طالب علموں کو ڈاکٹریٹ کی سندتفویض کی گئی، جبکہ 2021 کے پاس آؤٹ گریجویٹس 916اور ماسٹرزکے طالب علموں کی تعداد868ہے، جلسہ تقسیم اسناد میں شریک طالب علموں کی تعداد قریباً 1560 ہے۔