عوام آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو بری مسترد کرے گی: سکندرحیات خان شیرپائو

ہوشربا مہنگائی و پسماندگی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہی:صوبائی چیئرمین قومی وطن پارٹی

ہفتہ 27 نومبر 2021 22:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 27 نومبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو نے کہا ہے کہ عوام آنے والے بلدیاتی انتخابات میں حکمران جماعت کو بری مسترد کرے گی کیونکہ ہوشربا مہنگائی و پسماندگی اور بے روزگاری نے عام آدمی کا جینا مشکل کردیا ہے۔ان خیالات کا اظہار انھوں نے اتمانزئی ضلع چارسدہ میں پارٹی کارکنوں کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر قومی وطن پارٹی تحصیل چارسدہ کے امیدوار آصف کمال خان اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔سکندر شیرپائو نے کہا کہ 19دسمبر کو عوام پی ٹی آئی کی تابوت میں آخری کیل ٹونک کر ان سے ہوشربا مہنگائی کا بدلہ ووٹ کے ذریعے لے گی۔انھوں نے کہا کہ حکمران آئی ایم ایف اور دیگر مالیاتی اداروں کے اشاروں پر چل کر عوام پر مہنگائی کے پہاڑ توڑ رہی ہے جبکہ ملک کو بیرونی قرضوں تلے ڈبو دیا ۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ ملک میں کسی چیز کا نرخ معلوم نہیں آج اگر چینی وآٹا اور گھی کا ایک نرخ ہے تو کل دوسرا ہو گاجس سے اندازہ ہوتا ہے کہ نااہل حکمران ملک کے انتظامی معاملات چلانے کے لائق نہیں۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ ایک مہینے کے دوران تیل مصنوعات کی قیمتوں میں تین جبکہ بجلی کے نرخوں میں متعدد بار اضافہ کیا گیاجس سے جاری مہنگائی نے طوفان کی شکل اختیار کرکے غریب عوام کو بری طرح متاثر کیا۔ ملک کی معاشی حالات روبروز ابتر ہو رہی ہے، ڈالر کی اونچی اڑان سے مہنگائی کی شرح مزید بلند ہو گئی ہے۔ انہوںنے کہا کہ حکومت کی معاشی پالیسیاں مکمل طور پر ناکام ہو چکی ہیں اور ملک کی خود مختاری کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیاگیا ہے۔