حکومت پنجاب رکنی میں سول ہسپتال بنائے گی ، وزیر اعلی عثمان بزدار کے دورہ کوئٹہ میں ایم او یو پر دستخط

بلوچستان سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران رکنی میں ہسپتال کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دونوں صوبائی سیکرٹریوں نے دستخط کئے پنجاب حکومت بلوچستان کے علاقے رکنی میں ہسپتال تعمیر کرے گی اور ضروری آلات اور مشینری فراہم کرے گی ایکڑ پر بننے والے ہسپتال کے قیام سے ضلع بارکھان اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں ملیں گی بلوچستان دل کے بہت قریب ہے،پنجاب سے محبت کا پیغام لایا ہوں،ترقی کے سفر میں مل کر آگے بڑھیں گے‘عثمان بزدار

ہفتہ 27 نومبر 2021 23:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) حکومت پنجاب بارکھان کے علاقے رکنی میں سول ہسپتال تعمیر کرے گی ،وزیر اعلی عثمان بزدار کے دورہ بلوچستان کے دوران کوئٹہ میں بلوچستان سیکرٹریٹ میں منعقدہ تقریب کے دوران رکنی میں ہسپتال کی تعمیر کے لئے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے گئے -وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار اور وزیر اعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو تقریب کے مہمان خصوصی تھی-پنجاب حکومت کی جانب سے سیکرٹری پرائمری و سکینڈری ہیلتھ اور بلوچستان حکومت کی جانب سے سیکرٹری صحت نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئی- تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلی سردار عثمان بزدارنے کہا کہ پنجاب حکومت اپنے وسائل سے بلوچستان کے علاقے رکنی میں ہسپتال تعمیر کرے گی اور ہسپتال کیلئے ضروری آلات اور مشینری فراہم کرے گی-وزیر اعلی عثمان بزدار نے کہا کہ سول ہسپتال بلوچستان کے عوام کے لئے پنجاب کے عوام کی جانب سے تحفہ ہے۔

(جاری ہے)

15 ایکڑ پر بننے والے ہسپتال کے قیام سے ضلع بارکھان اور اردگرد کے علاقوں کے عوام کو صحت کی بہترین سہولتیں ملیں گی۔ہسپتال کے منصوبے پر تیز رفتاری سے کام کیا جائے گا- وزیر اعلی نے کہا کہ پنجاب حکومت بلوچستان میں بسنے والے بہن بھائیوں کی خدمت کے لئے ہر وقت حاضر ہے - بلوچستان میرے دل کے بہت قریب ہے -پنجاب سے محبت ، خیر سگالی اور بھائی چارے کا پیغام لایا ہوں-ترقی کے سفر میں مل کر آگے بڑھیں گے -وزیراعلی بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ہسپتال کی تعمیر کیلئے وسائل کی فراہمی پر وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار سے اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب نے ہمیشہ بلوچستان کے ساتھ بڑے بھائی کا کردار ادا کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بین الصوبائی روابط سے قومی یکجہتی اور بھائی چارے کو فروغ ملے گا-