Live Updates

سندھ حکومت پر وزیر اعظم کے الزامات دراصل ا ن کی اپنی نالائقی اور نااہلی کو چھپانے کی کوشش ہے،صوبائی وزراء

سندھ میں گندم ،کھاد، چینی وغیرہ کی قلت کا جھوٹا الزام درست نہیں،منظور وسان ،امتیاز شیخ اور مکیش کمار کا مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب

ہفتہ 27 نومبر 2021 23:48

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما اور وزیرِ اعلی سندھ کے مشیرِ برائے زراعت منظور حسین وسان نے وزیر توانائی امتیاز احمد شیخ اور وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ کے ہمراہ ہفتے کو سندھ اسمبلی کے کمیٹی روم میں مشترکہ پریس کانفرنس منعقد کی۔اس موقع پر وزیر اعلی سندھ کے مشیرِ زراعت منظور حسین وسان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت پر وزیر اعظم کے الزامات دراصل ا ن کی اپنی نالائقی اور نااہلی کو چھپانے کی کوشش ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ میں گندم ،کھاد، چینی وغیرہ کی قلت کا جھوٹا الزام درست نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے علاوہ باقی تین صوبوں میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے اور وہاں ان اشیاء کی شدید قلت کو چھپانے اور لوگوں کی تکالیف سے پہلو تہی کرنے کے لئے سندھ حکومت پر بے بنیاد الزامات لگائے جاتے ہیں۔

(جاری ہے)

منظور حسین وسان نے کہا کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں یوریا اور جراثیم کش ادویات کم قیمت پر مل رہی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت نے صوبے میں کھاد اور جراثیم کش ادویات کے تمام ڈیلرز کو مناسب قیمت پر فراہمی کی ہدایات دی ہوئی ہیں جو بھی ڈیلر خلاف ورزی کا مرتکب پایا جائے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی اور جو کوئی گرانفروشی کا مرتکب پایا جائے گا اس پر جرمانہ عائد کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے مقابلے میں سندھ میں یوریا کھاد سستی مل رہی ہے۔

منظور وسان نے کہا کہ پاکستان کے عوام یہ بات اچھی طرح سمجھتے ہیں کہ وزیراعظم اپنی حکومت کی نااہلی چھپانے کے لئے سندھ حکومت پر تنقید کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا منشور کسانوں اور محنت کشوں کے استحکام کا منشور ہے لہذا ہم اچھی فصل کا فائدہ اپنے کسان کو منتقل کرتے ہیں۔منظور حسین وسان نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان رٹے رٹائے جملے یعنی کرپشن ، کسی کو نہیں چھوڑوں گا اور مدینہ ریاست کے الفاظ سے عوام کو نہیں بہلا سکتے۔

انہوں نے شوگر اسکینڈل پر کچھ بھی کارروائی نہیں کی یہ مارتے بھی ہیں اور روتے بھی ہیں میں ان کا نام عمران خان کے بجائے الطاف خان رکھتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ لوگوں کو ریلیف دینا ان کے بس کی بات نہیں کیونکہ ریلیف دینے کی نہ ان کی نیت ہے نہ ریلیف دینے کی ان کو سمجھ ہے۔انہوں نے کہا کہ اکتوبر تک ان کا جانا ٹھہر گیا ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر برائے ایکسائز و ٹیکسیشن مکیش کمار چاولہ نے کہا کہ وفاقی حکومت یوریا پرائس فکس کرتی ہے لیکن تین ماہ سے یوریا فیکٹریوں نے بکنگ بند کی ہوئی تھی اور کل سے بکنگ شروع کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سندھ کی گیس سے یوریا بنتی ہے لیکن سندھ کو یوریا کی فراہمی میں مشکلات ہیں انہوں نے واضح کیا کہ اگر سندھ کو اس کے حصے کی یوریا نہیں ملی تو سندھ حکومت شدید احتجاج کرے گی۔ انہوں نے وفاقی حکومت کی پالیسیوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو ملک یوریا برآمد کرتا تھا وہ اب یوریا درآمد کرنے پر مجبور ہے یہی حال گندم اور چینی کا بھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت بڑے بڑے مگرمچھوں اور بڑے بڑے چوہوں کو بے نقاب کرے اور پکڑے۔مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ توانائی سندھ امتیاز احمد شیخ نے کہا کہ اس وقت پاکستان بھر میں گیس کی قلت شدید ترین مسئلہ ہے۔ سندھ تقریبا 65 فیصد گیس پیدا کرتا ہے لیکن ہمیں ہمارے حصے کی گیس نہیں دی جارہی ہماری صنعتیں بند اور گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑے ہیں لیکن وفاقی حکومت کو کوئی احساس نہیں انہوں نے کہا کہ 'لگتا ہے کہ شدید سردیوں میں وفاقی حکومت احساسِ سردی پروگرام شروع کرے گی اور ان کی طرف سے جلانے کے لئے لکڑیاں بانٹی جائیں گی' ۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت کی پالیسیوں کے سبب ملک میں گیس کی قلت ہے، فصلوں کو پانی نہیں مل رہا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ سب سے زیادہ گیس ، کوئلہ اور پیٹرول پیدا کرتا ہے لیکن اپنے جائز حصے سے محروم ہے۔ انہوں نے کہا کہ نا اہل لوگ وقت پر فیصلے نہیں کرسکے لہذا اب سزا پاکستان کے عوام بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں پیٹرول کی قیمتیں کم ہورہی ہیں لیکن ہمارے وفاقی حکومت اس کی قیمت آسمان تک لے جارہی ہے لوگوں کو ریلیف دینے کے بجائے تنگ کیا جارہا ہے۔امتیاز احمد شیخ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ سوئی سدرن گیس کمپنی جب آپ سے نہیں چلتی تو اسے سندھ حکومت کے حوالے کریں ہم اسے بہترین انداز میں چلانے کی صلاحیت کے حامل ہیں
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات