ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی نے51 کروڑ کی لاگت سے 72 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دیدی

ہفتہ 27 نومبر 2021 19:10

فیصل آباد ۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 27 نومبر2021ء) :ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی فیصل آبادنے51کروڑ روپے کی لاگت سے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز اچیومنٹ پروگرام IV کے تحت روڈز،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،واسا اور فیسکو کی 72 ترقیاتی سکیموں پر عملدرآمد کی منظوری دیدی ہے۔اس سلسلہ میں ڈپٹی کمشنرعلی شہزاد کی صدارت میں ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کمیٹی کا اجلاس منعقد ہواجس میں ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ رانا طاہر نے سیپ کے تحت ترقیاتی سکیموں کے تکنیکی وانتظامی پہلوؤں کے بارے میں بریفنگ دی۔

اسسٹنٹ کمشنرز صاحبزادہ محمد یوسف،منصور قاضی،روڈز،ہائی ویز،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ،واسا اور فیسکو کے افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔اجلاس کو بتایا گیا کہ روڈز کنسٹرکشن ڈویژن کی 4،ہائی ویز کی 2،پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 31،واسا کی 5 اور فیسکو کی30سکیمیں مکمل کی جائیں گی جس کے تحت شہری ودیہی علاقوں میں مختلف سٹرکوں وگلیوں کی کارپٹ تعمیر، رورل ڈرینج سسٹم کی مرمت وبحالی،سیوریچ سسٹم کی درستگی،واٹر فلٹریشن پلانٹس اور بجلی کے پولز کی تنصیب کے منصوبے شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ترقیاتی سکیموں کی علاقائی ضرورت وافادیت کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ اجلاس کے دوران منظور کی جانے والی سکیموں پر تیز رفتارمحکمانہ اقدامات کئے جائیں تاکہ یہ منصوبے جلد مکمل ہوسکیں۔انہوں نے سسٹین ایبل ڈویلپمنٹ گولز پروگرام فیز IV کے تحت مختلف محکموں کی سکیموں میں تمام تر متعلقہ قواعد وضوابط کو ملحوظ خاطر رکھنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی رکاوٹ یامسئلہ کو فوری حل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ شہریوں کو بنیادی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے سکیمیں انتہائی افادیت کی حامل ہیں جن کی مقررہ مدت میں تکمیل اور شفافیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :