انتونیو گوتریش کی صومالیہ کے شہر موغادیشو میں قافلے پردہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت

ہفتہ 27 نومبر 2021 19:13

اقوام متحدہ۔27نومبر  (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی - اے پی پی ۔ 27 نومبر2021ء) :اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریش نے صومالیہ کے شہر موغادیشو میں سکول کے سامنے اقوام متحدہ سے منسلک(UN-affiliated ) قافلے پردہشت گردانہ حملے کی شدید مذمت کی۔چینی خبر رساں ادارے کے مطابق سیکرٹری جنرل نے متاثرین کے اہل خانہ سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی خواہش کی۔

(جاری ہے)

نائب ترجمان فرحان حق نے اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے صومالی حکام سے حملے کےذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ سیکرٹری جنرل  اقوام متحدہ نے دہشت گردی اور پرتشدد انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں صومالیہ حکومت اور عوام کے ساتھ اقوام متحدہ کی مکمل یکجہتی اور حمایت کا اظہار کیا۔واضح رہے کہ جمعرات کی صبح ہونے والے خودکش کار بم دھماکے میں8 افراد ہلاک اور 17 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ حملہ میں سیکورٹی فرم کے قافلے کو نشانہ بنایا گیا تھا جو اقوام متحدہ کے اہلکاروں کی حفاظت کرتی ہے۔ الشباب کے عسکریت پسندوں نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔