Live Updates

پی ٹی آئی کے حوالے سے ممنوعہ فنڈز تاریخی فراڈ کی داستان ہے،شازیہ عطا مری

الیکشن کمیشن کے سامنے سارے ثبوت موجود ہیں اس لئے الیکشن کمیشن جلداز جلد فیصلہ سنائے، بیان

اتوار 28 نومبر 2021 00:16

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی اطلاعات سیکریٹری و رکن قومی اسمبلی شازیہ عطا مری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کے حوالے سے ممنوعہ فنڈز تاریخی فراڈ کی داستان ہے۔ الیکشن کمیشن کے سامنے سارے ثبوت موجود ہیں اس لئے الیکشن کمیشن جلداز جلد فیصلہ سنائے۔ اپنے بیان میں شازیہ مری نے کہا کہ جو شخص احتساب سے فرار ہونا چاہتا ہے وہ احتساب کا ڈھونگ کر رہا ہے۔

پی ٹی آئی حکومت فارن فنڈز کے فیصلے کو روکنے کی ہر ممکن کوشش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

شازیہ مری نے کہا کہ عمران خان نے کینسر ہسپتال کے نام پر ممنوع ذرائع سے چندہ پی ٹی آئی کے نام چیک کے ذریعے وصول کیا۔ شازیہ مری نے کہا کہ بھارتی جاسوس کلبھوشن کے بارے قانون سازی سوالیہ نشان ہے۔ مقبوضہ کشمیر پر مودی کی جارحیت پر خاموشی بھی چندے ہی کی وجہ سے تھی اس لئے عمران خان نے مقبوضہ کشمیر سانحہ پر بھی قومی یکجہتی کو سبوتاز کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے وزیراعظم بننے کے لئے اسمبلی سے ووٹ حاصل کئے لیکن اسمبلی کو عزت نہیں دی۔ آج عمران خان کی نااہلی اور نالائقی کی وجہ سے پاکستانی عوام تکلیف میں ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات