پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے ملائیشیا ۔ پاکستان بزنس کونسل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے تعاون سے بھر پور کردار اد ا کرے گی ‘ایگزیکٹو ممبر محمد سلیم خاں

اتوار 28 نومبر 2021 12:20

مکوآنہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان تجارتی خسارے کو کم کرنے کیلئے ملائیشیا ۔ پاکستان بزنس کونسل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے تعاون سے بھر پور کردار اد ا کرے گی۔ یہ بات کونسل کے ایگزیکٹو ممبر محمد سلیم خاں نے آج فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ سے ملاقات کے دوران بتائی۔

اس موقع پر سینئر نائب صدر عمران محمود شیخ ، ڈاکٹر خرم طارق اور محمد اظہر چوہدری کے علاوہ ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان فیصل آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر رائو فضل الرحمن خاںبھی موجود تھے۔ محمد سلیم خاں نے بتایا کہ ملائیشیا بنیادی بطور پر درآمدی ملک ہے لیکن اس کے باوجود پاکستان کی برآمدات صرف 239ملین جبکہ درآمدات 1ارب ڈالر سے زائد ہیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ دونوں ملکوں نے فری ٹریڈ ایگریمنٹ پر بھی دستخط کئے ہیں مگر اِس کے باوجود تجارتی توازن ملائیشیا کے حق میں ہے۔ انہوںنے بتایا کہ اب ملائیشیا کے پاکستانی سفارتخانے میں ٹریڈ قونصلر تعینات کر دیا گیا ہے جس سے فائدہ اٹھانے کیلئے فیصل آباد کے ٹیکسٹائل برآمد کنندگان کو آگے آنا ہوگا۔ انہوں نے بتایاکہ ملائیشیا کی ٹیکسٹائل کی درآمدات کا 70سے 80فیصد حصہ پاکستانی کمیونٹی کے پاس ہے لیکن اس کے باوجود چین او ر انڈیا کی برآمدات ہم سے بہت زیادہ ہیں ۔

تاہم پاکستانی برآمدات میں اضافے کے وسیع امکانات ہیں اور اس سلسلہ میں ہمیں مربوط کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد چیمبر کو ٹیکسٹائل کے پوٹینشل سے بھر پور فائدہ اٹھانے کیلئے فوری طور پر ایک تجارتی وفد ملائیشیا بھیجنا چاہیے۔ انہوں نے بتایا کہ نئے ٹریڈ قونصلر روایتی برآمدات کے ساتھ ساتھ تازہ گوشت کی برآمد کے منصوبے پر بھی کام کر رہے ہیں جبکہ ملائیشیا بھی مسلمان ملک ہونے کے ناطے پاکستان سے گوشت کی درآمد کو ترجیح دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ توقع ہے کہ اس منصوبے سے پاکستان سے گوشت کی برآمد میں سو فیصد اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستانی چاول، سبزیوں اور مکئی کی بھی ملائیشیا میں زبردست طلب ہے جبکہ اِن پر منافع کی شرح بھی کافی معقول ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستانی بیڈ شیٹس کی کوالٹی بہت اچھی ہے جبکہ وہاں کے مخصوص علاقائی لباس کی تیاری میں بھی پاکستان کو اپنا حصہ بڑھانا ہو گا۔

انہوں نے بتایاکہ ملائیشیا کی خواتین حجاب استعمال کرتی ہیں اور یہ تمام چیزیں سو فیصد درآمد کی جاتی ہیں اس لئے پاکستان کو اپنی برآمدات بڑھانے کے ان مواقعوں سے بھر پور فائدہ اٹھانا چاہیے۔ ایک سوال کے جواب میں محمد سلیم خاں نے بتایا کہ اُن کے پاس ہر چیز کی طلب، درآمدی ڈیوٹی کی شرح اور درآمد کنندگان کی فہرستیں موجود ہیں جس کیلئے وہ کسی وقت بھی ٹریڈ قونصلر یا اُن کی کونسل سے رابطہ کر سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ملائیشیا میں شادی کے مخصوص لباس کی طرح فرنیچر کی بھی زبردست ڈیمانڈ ہے وہ اس وقت انڈونیشیا سے فرنیچر درآمد کر کے اُس کی فرنشنگ ملائیشیا میں کر کے بیچ رہے ہیں۔ اس سے قبل فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر عاطف منیر شیخ نے برآمدات بڑھانے کے سلسلہ میں ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان کے کردار کو سراہا اور کہا کہ یہ ادارہ مختلف ملکوں کی بزنس کمیونٹی میں مضبوط تعلقات کے فروغ کیلئے کوشاں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد ٹیکسٹائل کی دیگر مصنوعات کے علاوہ ٹیکسٹائل سے متعلقہ کچن وئیر اور ٹاول بھی برآمد کر سکتا ہے۔ انہوں نے محمد سلیم خاں کو یقین دلایا کہ وہ فیصل آباد سے ملائیشیا کیلئے برآمدات بڑھانے کیلئے ہر ممکن کوششیں کریں گے اور بہت جلد تجارتی وفد ملائیشیا بھیجنے کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔