صدر مملکت کی تا جک ہم منصب امام علی رحمن کے ساتھ ملاقات، دوطرفہ تعلقات پر گفتگو

ہمسایہ ممالک افغانستان میں عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے، پاکستان پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط معاشی شراکت داری کیلئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے، صدر مملکت

اتوار 28 نومبر 2021 13:35

اسلام آباد /اشک آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے دورہ ترکمانستان کے موقع پر تاجکستان کے صدر امام علی رحمن کے ساتھ ملاقات کی جس میں دوطرفہ تعلقات سمیت مختلف امورپر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ اتوار کو ایوان صدر پریس ونگ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ملاقات کے دوران صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان مضبوط معاشی شراکت داری کیلئے تجارتی اور سرمایہ کاری کے روابط کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔

اس موقع پر دونوں رہنماؤں نے کاسا 1000 منصوبے پر عمل درآمد کا جائزہ بھی لیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے پاکستان کی بندرگاہوں کے ذریعے تاجکستان کیلئے علاقائی انضمام اور روابط پر روشنی ڈالی، دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور تاجکستان کو افغانستان میں انسانی صورتحال کی وجہ سے درپیش چیلنجز کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ ہمسایہ ممالک افغانستان میں عدم استحکام سے سب سے زیادہ متاثر ہوں گے۔

انہوں نے تاجکستان کے صدر کو افغانستان میں امن و استحکام کیلئے پاکستان کی کوششوں کے بارے میں آگاہ کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغان معیشت کو بچانے کیلئے افغانستان کے منجمد اثاثے غیر منجمد کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ تمام افغانوں کے حقوق کا احترام اور افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہ ہونا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان میں امن، مفاہمت اور استحکام کیلئے پاکستان اور تاجکستان کو مل کر کام کرنے کی ضرورت ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ افغانستان میں پائیدار امن خطے میں تجارت اور معاشی مواقع فراہم کرے گا۔ مٴْلاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے موجودہ دو طرفہ تعلقات کی صورتحال پر اطمینان کا اظہار اور انھیں مزید مستحکم بنانے پر بھی اتفاق کیا۔