Live Updates

بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے ،اسے عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت ہے،وزیراعظم آزاد کشمیر

مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امید عمران خان ہیں قوم ان کے ہاتھ مضبوط کرے،عمران خان قائد پاکستان ہیں جن کے جرات مندانہ اقدامات نے ملک کو بدل کر رکھ دیا ہے،وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ان کے 500بلین کے ترقیاتی پیکج سے تعمیر وترقی کا انقلاب آئیگا، سردار عبد القیوم خان نیازی

اتوار 28 نومبر 2021 18:00

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) وزیراعظم آزاد جموں کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ بھارت انسانی حقوق کی دھجیاں اڑا رہا ہے اسے عالمی عدالت انصاف کے کٹہرے میں کھڑا کرنے کی ضرورت ہے،مقبوضہ کشمیر کے عوام کی امید عمران خان ہیں قوم ان کے ہاتھ مضبوط کرے،عمران خان قائد پاکستان ہیں جن کے جرات مندانہ اقدامات نے ملک کو بدل کر رکھ دیا ہے،وزیراعظم پاکستان عمران خان آزادکشمیر کی تعمیر وترقی میں گہری دلچسپی رکھتے ہیں ان کے 500بلین کے ترقیاتی پیکج سے تعمیر وترقی کا انقلاب آئیگا۔

وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار دو روزہ دورے پر کراچی پہنچنے کے بعد سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کی رہائش گاہ پر صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ عمران خان نے 3 سو بلین کا پیکیج جی بی کو دیا جس سے وہاں ترقی کا نیا دور شروع ہو گا۔انہوں نے کہا کہ ہمیں حکومت ملی تو جانے والی حکومت نے آسانیاں نہیں چھوڑی تھیں انتہائی مشکل حالات میں اقتدار سنبھالا۔

ہمارے لیے زیادہ مشکل حالات پیدا کیے گئے۔انہوں نے کہا کہ میرٹ پر نوکریاں فراہم کریں گے، بانی پاکستان کے مزار پرحاضری کا فریضہ انجام دینا ہے۔جذبے کے ساتھ استقبال پر شکرگزار ہوں۔انہوں نے کہا کہ تحریک آزادی کے بیس کیمپ کا وزیراعظم ہوں، مقبوضہ کشمیر میں ہمارے بھائی مظالم کا سامنا کررہے ہیں وہ جس ہمت اور جرات سے بھارتی مظالم برداشت کر رہے ہیں اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتا ہوں کہ بھارت کے تمام تر ظالمانہ ہتھکنڈوں کے باوجود ان کا جذبہ آزادی سرد نہیں ہوا ہے۔

انہوں نے کہا قائد پاکستان عمران خان نے ایل او سی سے میرا انتخاب کر کے بھارت کو واضح پیغام دیا ہے کہ کشمیری اس کی جارحیت سے مرعوب نہیں ہوئے نہ آئندہ ہونگے۔انہوں نے کہا کہ میرا گھر ایک ہزار گز بھارتی توپوں کے سامنے ہے ،میں آج بھی اس ایل او سی پر رہتا ہوں جس کا مقصد صرف مقبوضہ کشمیر کے لوگوں کو پیغام دینا ہے کہ آپ جدوجہد آزادی میں تنہا نہیں ہیں ہم آپ کے شانہ بشانہ ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے کشمیریوں کا مقدمہ لڑاعمران خان کا شہر قائد آکر شکریہ ادا کرتا ہوں۔اس موقع پر سندھ اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سردار عبدالقیوم نیازی منجھے ہوئے سیاستدان ہیں جن کا خاندان ایک عرصے سے اپنے لوگوں کی خدمت میں مصروف ہے۔ عمران خان نے سردار عبدالقیوم نیازی کی صورت میں کارکن دوست وزیراعظم کا انتخاب کیا جس سے تحریک انصاف کے کارکنوں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔

انہوں نے کہا اپنے سیاسی تجربے کی بنیاد پر کہہ رہا ہوں کہ سردار عبدالقیوم نیازی آزادجموں و کشمیر کے کامیاب ترین وزیراعظم ثابت ہونگے۔انہوں نے کہا پورا پاکستان اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے جو بھارت سے آزادی کیلئے سرگرم عمل ہیں۔اس سے پہلے جب وزیراعظم کراچی ائرپورٹ پہنچے تواپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ اور ڈپٹی اسپیکر آزادکشمیرقانون ساز اسمبلی ریاض گجر نے وزیراعظم کا پرتپاک استقبال کیا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات