این اے 133ضمنی انتخاب کیلئے ووٹوں کی خرید وفروخت کی پیپلزپارٹی کی بھی مبینہ ویڈیو زسوشل میڈیا پر وائرل

اتوار 28 نومبر 2021 18:50

ٴْلاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) صوبائی دارالحکومت لاہور کے حلقہ این اے 133میںہونے والے ضمنی انتخاب کیلئے ووٹوں کی خرید وفروخت کی پیپلزپارٹی کی بھی مبینہ ویڈیو زسوشل میڈیا پر وائرل ہو گئیں، مسلم لیگ(ن) کے کارکن محمد عارف نے الیکشن کمیشن کوباضابطہ طور پر تحریری شکایت درج کروا دی جبکہ درخواست کے ساتھ مبینہ ویڈیوز کوبھی بطور ثبوت جمع کرایاگیا ہے ۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک مبینہ ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ رات کے وقت ایک عمارت جس پر پیپلز پارٹی کی قیادت اورامیدوار اسلم گل کابڑے سائز کا اشتہاری بورڈ آویزاں کے باہر مردوںکی قطار لگی ہوئی ہے ۔ اس ویڈیو میںایک شخص کوگفتگوکرتے ہوئے سنا جا سکتا ہے جو نوجوانوںسے پیسے وصول کرنے کے حوالے سے سوال وجواب کررہا ہے اور بتایا جاتاہے کہ فی شناختی کارڈدوہزار روپے دئیے جارہے ہیں۔

(جاری ہے)

وائرل ہونے والی ایک دوسری مبینہ ویڈیو میں عمارت کے اندر کے مناظر ہیںجہاںپر مردو خواتین کی کثیر تعدادموجود ہے او ریہاں پر حاجی عامررضا عرف مولاجی اورعامر خان نامی افرادویڈیو ریکارڈ نگ کا بتاتے ہوئے تفصیلات سے آگاہ کررہے ہیںکہ پیپلز پارٹی کی جانب سے فی شناختی کارڈ دوہزار روپے دئیے جارہے ہیں۔دوسری جانب لیگی کارکن محمد عار ف نے الیکشن کمیشن کوکارروائی کیلئے درخواست دیدی ہے جس میںموقف اپنایا گیا کہ پیپلز پارٹی کے امیدوار کے مرکزی انتخابی دفتر واقع پیکو روڈ اور مادر ملت روڈ پر فیصل میر کے ڈیرے ووٹ خریداری کے بڑے مراکز ہیں، ووٹروں کے شناختی کارڈ چیک کر کے ان کی مذہبی کتاب پر پیپلزپارٹی کے امیدوار کو ووٹ دینے کا حلف لے کر فی کس 2 ہزار روپے دئیے جا رہے ہیں۔

درخواست میں موقف اختیار کیا گیا ہے کہ ووٹوں کی خریداری الیکشن ایکٹ کے سیکشن 167، 168 اور ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت قابل سزا جرم ہے، الیکشن کمیشن اپنے ذرائع سے ان معلومات اور شکایت کی تصدیق کر سکتا ہے، پہلے بھی ایسی شکایت درج کروائی گئی تھیں لیکن ثبوت نہ ہونے کا کہہ کر اس پر کوئی ایکشن نہیں لیا گیا تھا، الیکشن کمیشن ووٹوں کی خریداری کے لئے رشوت اور کرپٹ پریکٹسز روکنے کا پابند ہے۔ درخواست میں کہا گیا ہے کہ اسلم گل اور ان کے ساتھیوں کے خلاف سخت ایکشن لیا جائے اور اسلم گل کو الیکشن لڑنے کیلئے نااہل قرار دیا جائے۔یاد رہے کہ اس سے قبل مسلم لیگ(ن) کے انتخابی دفتر میںبھی ووٹروں سے حلف لے کر پیسے دینے کی مبینہ ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہیں۔