نئے نظام میں ملک کی معیشت کا اندازہ اس کی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی میں ترقی پر ہے، کامران بنگش

حکومت خیبر پختونخوا پاکستان میں اساتذہ اور سکالرز کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے،،وزیراطلاعات خیبرپختونخوا

اتوار 28 نومبر 2021 19:05

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) خیبرپختونخوا کے وزیر برائے اعلی تعلیم و اطلاعات کامران خان بنگش نے کہا ہے کے حکومت خیبر پختونخوا پاکستان میں اساتذہ اور سکالرز کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہے اور طلباء کو جدید تعلیمی سہولیات اور نصاب مہیا کرنے کے لئے تمام سہولتوں کو بروئے کار لا رہی ہے، نئے نظام میں کسی بھی ملک کی معیشت کا اندازہ اس کے شعوری سرمائے کے حجم سے ہوتا ہے، نئے نظام میں ملک کی معیشت کا اندازہ اس کی تحقیق، جدت اور ٹیکنالوجی میں ترقی پر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کیمبرج یونیورسٹی انگلینڈ کے مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ عہدیداران پروفیسر ڈاکٹر سی ای او آہی ایف ایم ڈیوڈ لاٹ، ڈاکٹر ڈیرمید اوبرائن چیف ایگزیکٹو آفیسر کیمبرج یونیورسٹی انٹرپرائزز، ڈاکٹر اگنیسکا وابنیگ ڈائریکٹر میکسول سینٹر، ڈیوڈ گل منیجنگ ڈائریکٹر ایس ٹی جان انوویشن سینٹر، ڈاکٹر ورڈ ہل، الاکس سمتھ انٹرنیشنل ایسوسی ایٹ افسر، بانجامین ہارٹلی ہیڈ آف آئیڈیا سپیس سے ملاقات میں کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے دیگر شرکاء میں پروجیکٹ ڈائریکٹر سوات یونیورسٹی ڈاکٹر نجیب اللہ خان، کاتہینا آنند کمیونیکیشن مینیجر، ڈاکٹر ارسلان غنی شعبہ انجینئرنگ کیمبرج یونیورسٹی و دیگر شامل تھے۔ ملاقات میں خیبر پختونخوا کی یونیورسٹیوں کے اساتذہ کی ٹریننگ، پی ایچ ڈی پروگرام، جدید انوویشن پارک سمیت سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کے قیام کے حوالے سے لائحہ عمل طے کیا گیا۔

وزیر تعلیم نے کیمبرج یونیورسٹی انگلینڈ کے مختلف شعبہ جات کا دورہ کیا اس موقع پر مختلف شعبہ جات کے اعلیٰ عہدیداران نے وزیر تعلیم کا استقبال کیا اور شعبے کی کارکردگی، جدید ٹیکنالوجی اور طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخوا کامران بنگش کو مختلف شعبہ جات کی جدید لیبارٹریز، سائنس و ٹیکنالوجی پارکس کا بھی دورہ کروایا گیا۔

اس موقع پر سی ای او آئی ایف ایم پروفیسر ڈاکٹر ڈیوڈ لاٹ نے کہا کے پاکستان جغرافیائی، تاریخی اور سیاحت کی خوبصورتی سے مالا مال ہے ہم پاکستان میں خیبر پختونخوا حکومت کے تعاون سے جدید سائنس و ٹیکنالوجی اور انوویشن پارک بنانے کے خواہش مند ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کی کوئی کمی نہیں ہے پاکستانی نوجوان محنتی اور قدرتی صلاحیتوں سے مالا مال ہیں انہوں نے بتایا کہ کیمبرج یونیورسٹی انگلینڈ میں بیشتر پاکستانی سکالرز اعلیٰ تعلیم حاصل کر رہے ہیں اور مختلف شعبہ جات میں پاکستانی پروفیسر اپنی خدمات سرانجام دے رہے ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ تعلیم خیبر پختونخواکامران بنگش نے کہا کہ پاکستان میں اساتذہ اور سکالرز کو اعلیٰ تعلیمی سہولیات مہیا کرنے کے لیے کوشاں ہیں خیبر پختونخوا یونیورسٹیز کے اساتذہ اور طلباء کو کیمبرج یونیورسٹی لندن سے مختلف شعبہ جات میں پی ایچ ڈی کے مواقع فراہم کیے جائیں گے تاکہ پاکستان کے باصلاحیت نوجوان پاکستانی تعلیمی میدان میں اپنا کردار ادا کر سکیں اس موقع پر کیمبرج یونیورسٹی کی اعلیٰ انتظامیہ نے وزیر تعلیم کی کوششوں کو سراہا اور مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔