لاہور پولو کلب کے زیراہتمام کوکاکولا سپر لیگ کے چھٹے دن دو میچز کھیلے گئے

اتوار 28 نومبر 2021 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام کوکاکولا سپر لیگ کے چھٹے دن دو اہم میچز کھیلے گئے جن میں ریمنگٹن گلیڈی ایٹرز اور زیڈ ایس ٹائیگرز کی ٹیمیں فاتح رہیں۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کے دن شاندار موسم میں پولو میچز دیکھنے کیلئے فیملیز کی اچھی تعداد گرائوانڈ میں موجود تھی۔ اس موقع پر لاہور پولو کلب کے صدر عمر صادق، سیکرٹری آغا مرتضیٰ علی خان، ایگزیکٹو کمیٹی ممبرز اورفیملیز بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

پہلے میچ میں ریمنگٹن گلیڈی ایٹرز کی ٹیم نے پریمیئر ہولڈنگز فائٹرز کی ٹیم کو 8-3.5 سے ہرادیا۔ ریمنگٹن گلیڈی ایٹرز کی طرف سے غلام مصطفی منوں نے پانچ، محمد علی ملک نے دو جبکہ آغا موسی نے ایک گول سکور کیا جبکہ ڈیڑھ گول ہینڈی کیپ ایڈوانٹیج رکھنے والی پریمیئرہولڈنگز فائٹرز کی طرف سے آدم خان نے دونوں گول سکور کیے۔ دوسرے میچ میں زیڈ ایس ٹائیگرز کی ٹیم نے امپریم ہوسپلٹی پنتھرز کی ٹیم کو 7-5.5 سے ہرا دیا۔ زیڈ ایس ٹائیگرز کی طرف سے راجہ ارسلان نجیب اور لیفٹیننٹ کرنل عمر منہاس نے تین تین جبکہ فراست علی چٹھہ نے ایک گول سکور کیا۔ امپریم ہوسپٹلٹی پنتھرز کی طرف سے عباس مختار نے تین، ممتاز عباس نیازی اور عمر اسجد ملہی نے ایک ایک گول سکور کیا۔