Live Updates

نائب امیر جماعت اسلامی لیاقت بلوچ کاچوہدری شجاعت حسین کی عیادت

اتوار 28 نومبر 2021 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 28 نومبر2021ء) نائب امیر جماعت اسلامی سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی ڈاکٹرز ہسپتال میں عیادت کی اور تحریک انصاف کے رہنما چیئرمین یونین کونسل حاجی فیاض کے جوان سال بیٹے کے انتقال پر تعزیت کی۔ صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین زیرک اور محب وطن رہنما ہیں، چوہدری ظہور الٰہی شہید کے بعد چوہدری شجاعت حسین اورچوہدری پرویز الٰہی نے سیاست کا تسلسل برقرار رکھا۔

چوہدری خاندان اور برادران نے ہمیشہ جماعت اسلامی سے محبت کا تعلق اور رابطہ رکھا ہے۔ اللہ تعالیٰ صحت کاملہ عاجلہ عطا فرمائے۔ لیاقت بلوچ نے مظفرآباد میں سیّد علی گیلانی تعزیتی ریفرنس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سید علی گیلانی تحریک آزادی کشمیر کے عظیم مجاہد اور اُن کا غیر متزلزل مؤقف تاریخ ساز تھا۔

(جاری ہے)

اسلام، آزادی کشمیر، حق خودارادیت اور الحاق پاکستان اُن کا مشن تھا۔

بھارت کے ہر ظلم جبر مکاری کے مقابلہ میں وہ استقامت کے کوہِ گراں بنے رہے۔ 5اگست 2019ء کے اقدامات سے فاشسٹ مودی غیر آئینی، غیر جمہوری،عالمی معاہدوں سے انحراف کے ساتھ جمو ں وکشمیر کو ہڑپ کر رہا ہے۔ وزیراعظم عمران خان نے اعلان کیا کہ وہ ٹیپو سلطان اور کشمیر کے سفیر بن کر مقابلہ کریں گے، لیکن عملاً یہ شک گہرا ہو رہا ہے کہ وہ کشمیر کا سودا کر چکے ہیں۔

گلگت بلتستان، آزاد جموں وکشمیر کے سٹیٹس کی تبدیلی اور ر یفرنڈم کی بے تکی باتیں کر کے کشمیریوں کی جدوجہد کو نقصان پہنچا دیا ہے۔ انڈیا سے بات نہ کرنے کا اعلان ہے، عملاً بارڈر پر کانفرنس، بیک ڈور چینل رابطے، انڈیا افغانستان اقتصادی راہداری کی سہولت اور ایئر سپیس کی سہولت دی جارہی ہے۔ حکومت نے دوغلے پن سے اپنے آپ کو رسوا اور مسئلہ کشمیر کو ناقابلِ تلافی نقصان پہنچایا ہے۔

پاکستان کی سابق حکمران جماعتوں کی مسئلہ کشمیر پر عدم دلچسپی المیہ ہے۔لیاقت بلوچ نے کہا بیس کیمپ آزاد کشمیر، گلگت بلتستان کی قیادت ا ور جماعتیں آزادی کی تحریک کو ترجیح اوّل بنائیں، بے اختیار اورغلامی کی ممبرئیاں اور وزارتوں کی ہوس میں تحریک آزادی کشمیر کو نقصان نہ پہنچائیں۔ پاکستان کی قومی قیادت افغانستان میں عظیم فتح کے بعد قومی ترجیحات اور قومی پالیسی پر متحد ہو۔جماعت اسلامی ہمیشہ کی طرح آزادی کشمیر تحریک کی پشت بان ہے، پورے ملک میں بیداری تحریک کے ذریعے مسئلہ کشمیر کو سردخانے، سودے بازی کا شکار نہیں ہونے دیں گی
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات