دور حاضر میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو

اخباری صنعت کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور آپ لوگوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے، ایڈیٹر کونسل کے نمائندہ وفد سے گفتگو

اتوار 28 نومبر 2021 21:45

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 نومبر2021ء) وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کہا ہے کہ دور حاضر میں میڈیا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل ہے جو نہ صرف عوام کو ہمہ وقت با خبر رکھتا ہے بلکہ ان کے مسائل اور مشکلات سے بھی حکومت کو آگاہ کرتا ہے،میڈیا سے وابستہ افراد زمینی حقائق سے بخوبی واقف ہوتے ہیں اور وہ بہتر انداز سے حکومت کو عوامی مسائل کے حل کے لیے تجاویز دے سکتے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے بلوچستان ڈیلی نیوز پیپر ایڈیٹرز کونسل کے صدر انور ساجدی کی قیادت میں ایڈیٹرز کونسل کے نمائندہ وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جنہوں نے یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو اخباری صنعت کو درپیش مسائل، واجبات کی فوری ادائیگی، میڈیا پالیسی اور دیگر مسائل سے متعلق بات چیت کرتے ہوئے ان کے فوری حل کی درخواست کی۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی نے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ اخباری صنعت کو درپیش مسائل حل کئے جائیں گے اور آپ لوگوں کے تحفظات دور کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم تمام میڈیا کے دوستوں کے تعاون سے گورننس میں بہتری لائیں گے اور مل کر صوبے کی خدمت کریں گے اور آپ لوگوں کو بھی آئندہ دنوں میں بہتریء نظر آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اچھے کاموں کے ساتھ ساتھ کوتاہیوں کی بھی نشاندہی کریں تاکہ ہم زیادہ بہتر طرز حکمرانی کی جانب گامزن ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی کمی بیشیاں ہونگی اسے دور کریں گے۔ ایڈیٹرز کونسل کے نمائندہ وفد نے مسائل کے حل کی یقین دہانی پر وزیراعلیٰ کا شکریہ ادا کیا اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

متعلقہ عنوان :