پشاور میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کا جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا ‘محترمہ نبیلہ ایوب

پیر 29 نومبر 2021 14:37

مظفرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) ممبر آزاد جموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی و صدر پیپلزپارٹی خواتین ونگ آزادکشمیر محترمہ نبیلہ ایوب نے کہا ہے کہ پشاور میں پیپلزپارٹی کے یوم تاسیس کا جلسہ نئی تاریخ رقم کرے گا چئیرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں یہ جلسہ آئندہ انتخابات کی کامیابی کی نوید لے کر طلوع ہوگا پشاور جلسہ مخالفین کے سیاسی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

آزادکشمیر بھر سے صدر جماعت پیپلزپارٹی آزادکشمیر چوہدری محمد یاسین اور اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کی قیادت میں جیالے پشاور جلسہ میں بھرپور شرکت کریں گے ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی تمام برادریوں کا خوبصورت گلدستہ ہے پیپلزپارٹی نے ہمیشہ جمہوریت پر یقین رکھا اور جمہوریت کی کامیابی کے لئے قربانیاں دی۔

(جاری ہے)

پارٹی کے جانثار کارکنان اپنی صفوں میں اتحاد قائم رکھیں پیپلزپارٹی چاروں صوبوں گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے عوام میں یکساں مقبول ہے۔شہید ذوالفقار علی بھٹو ایشیاء کے عظیم لیڈر تھے پاکستان و آزادکشمیر کے محکوم عوام پیپلزپارٹی کو اپنی طاقت اور نجات کا ذریعہ سمجھتی ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ آصف علی زرداری، چئیرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور شہید بابا ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو شہید کے ویژن کے مطابق جمہوریت کی بقاء کیلئے لازوال جدوجہد کر رہے ہیں پاکستان کی کسی بھی سیاسی جماعت نے اتنی قربانیاں نہیں دی جتنی پیپلزپارٹی نے دی ہیں۔