فیصل آباد:لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں یکم دسمبر سے ’’برتھ رجسٹریشن مہم‘‘ شروع کرنے کا اعلان

پیر 29 نومبر 2021 20:15

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2021ء) لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے فیصل آباد سمیت صوبہ بھر میں یکم دسمبر سے ’’برتھ رجسٹریشن مہم‘‘ شروع کرنے کا اعلان، دس روزہ مہم کے دوران صوبہ بھر میں یونین کونسل کی سطح پر بچوں بالخصوص بچیوں کی تاریخ پیدائش کا اندراج عمل میں لایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر جنرل لوکل گورنمنٹ اینڈ کمیونٹی ڈویلپمنٹ کی طرف سے جاری ہونیوالے نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ یونسیف کے تعاون سے محکمہ بلدیات، محکمہ صحت، تعلیم، نادرہ، محکمہ بہبود آبادی اور سوشل ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے یکم دسمبر سے 10دسمبر تک دس روزہ بچوں کی برتھ رجسٹریشن مہم کا آغاز کیا جا رہا ہے، جس کیلئے عوام میں شعور بیدار کرنے کیلئے پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔

ضلعی اور تحصیل کی سطح پر سیکرٹری یونین کونسل کے دفاتر میں موجود رہینگے، جس میں بچوں کے ساتھ ساتھ بچیوں کی تاریخ پیدائش کے اندراج پر خصوصی توجہ دی جائے اور برتھ اندراج کے قوانین کی پاسداری کی جائے۔