میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیر قیادت جناح ہال میں بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس

اجلاس میں اراکین ہائوس کی طرف سے مختلف قرار دادیں پیش کی گئیں جن کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا

پیر 29 نومبر 2021 22:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2021ء) میئر لاہور کرنل (ر) مبشر جاوید کی زیر قیادت جناح ہال میں بلدیہ عظمیٰ کا اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس کا آغاز تلاوتِ قرآن پاک اور نعت رسول مقبول ﷺ سے ہوا جس میں ڈپٹی میئرز ، ڈسٹرکٹ ممبر ان اور چیئرمین صاحبان نے شرکت کی ۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی میئر نذیر احمد خان سواتی نے کی ۔اجلاس میں اراکین ہائوس کی طرف سے مختلف قرار دادیں پیش کی گئیں جن کو متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔

قرار دادوں میں شہرلاہور کے مسائل کو اجاگر کیا گیا جن میں ڈینگی کا تدارک ، صفائی کے خاطر خواہ انتظامات ،لاہور کے 12دروازوں کی بحالی و تعمیر نو ،مختلف سڑکوں کی تعمیر اور پیچ ورک ،یونین کونسلز کے اکائونٹ اور فنڈز کی بحالی، لاہور کی ڈسپنسریوں کی بحالی ،ورک چارج بھرتی ملازمین کی مستقلی ، ایم سی ایل کے ملازمین کو رسک الائونس ، بیک سروس ، اپ گریڈیشن از تاریخ تعیناتی ، کمرشل پانچ مرلہ اور رہائشی دس مرلہ نقشہ جات کی منظوری اورجعلی نوٹوں پر قائداعظم محمد علی جناح کی تصویر کو پرنٹ نہ کرنا وغیرہ شامل تھے۔

(جاری ہے)

اقلیتی ممبران کی طرف سے بھی شہر لاہور کی صفائی اور ڈینگی کے تدارک کے خصوصی انتظامات ، کرسمس تہوار پرغریب ،بیوہ اور یتیم بچوں کے لئے خصوصی راشن کا انتظام کیا جائے۔علاوہ ازیںوفاقی کالونی کی طرف جانے والا بے نام روڈکا نام ڈاکٹر جمیل جالبی روڈ اور اپر مال سکیم روڈ(بے نام روڈ )کا نام کیپٹن عفان مسعود شہید روڈ کا نام رکھنے کے حوالے سے قراردادیں پیش کی گئیں جنہیں متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا ۔

اجلاس کے آخر میں میئر لاہور کرنل( ر) مبشر جاوید نے اراکین ہائوس سے خطاب کیا ۔ان کا کہنا تھا کہ تمام یونین کونسلز کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔ہم سب کو ایک ہو کر چلنا ہے اور صبر کے راستے کو اپنانا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہم حق پر ہیں اور سپریم کورٹ ہمیں ریلیف دے گی ۔ان کا مزید کہنا تھا کہ تمام ممبران ہائوس اپنے اپنے علاقے کے مسائل جمع کروائیں اور ان کا جلد از جلدازالہ کیا جائے گا۔