سعودی فنڈ فار ڈویلپمنٹ اور اسٹیٹ بینک آف پاکستان کے درمیان ڈپازٹ معاہدے پر دستخط کردیے گئے

پیر 29 نومبر 2021 22:53

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) مملکت سعودی عرب اور حکومت اسلامی جمہوریہ پاکستان کے درمیان ایک ڈپازٹ معاہدے پر کل دستخط کیے گئے جس میں سعودی عرب کی نمائندگی سعودی فنڈ برائے ترقی، اور حکومتِ پاکستان کی نمائندگی اسٹیٹ بینک آف پاکستان نے کی۔ معاہدے پر سعودی فنڈ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ہز ایکسی لینسی سلطان بن عبدالرحمن المرشد اور گورنر اسٹیٹ بینک ڈاکٹر رضا باقر نے بینک دولت پاکستان، کراچی میں دستخط کیے۔

(جاری ہے)

اس ڈپازٹ معاہدے کے تحت، سعودی فنڈ اسٹیٹ بینک کے پاس 3.0 ارب ڈالر رکھوائے گا۔ معاہدے کے تحت ڈپازٹ کی رقم اسٹیٹ بینک کے زرمبادلہ ذخائر کا حصہ بن جائے گی۔یہ پاکستان کے زرِ مبادلہ ذخائر میں معاونت کرے گی اور کووڈ 19 کی وبا کے منفی اثرات دور کرنے میں مددگار ثابت ہوگی۔یہ ڈپازٹ معاہدہ مملکت سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مضبوط اور خصوصی تعلقات کی عکاسی کرتا ہے اور دونوں برادر ممالک کے درمیان اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دے گا۔