حکمرانوں کے پاس مہنگائی اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوئی ویژن ،پلان اور حکمت عملی نہیں، آفتاب شیرپاؤ

عالمی مالیاتی اداروں سے بڑے پیمانے پرقرضے لے کربوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے ملک میں ہر طرف افراتفری پھیلی ہوئی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوامی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے، مہمند میں عوامی اجتماع سے خطاب

پیر 29 نومبر 2021 23:21

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 29 نومبر2021ء) قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤنے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ فاٹا انضمام کے بعد اصلاحات اور فنڈز کی فراہمی سے متعلق کئے گئے وعدوں کو پورا نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے وہاں کے لوگوں میں مایوسی پائی جاتی ہے ، حکمرانوں کے پاس مہنگائی اور ملک کو معاشی بحرانوں سے نکالنے کیلئے کوئی ویژن ،پلان اور حکمت عملی نہیں جبکہ عالمی مالیاتی اداروں سے بڑے پیمانے پرقرضے لے کربوجھ عوام پر ڈالا جارہا ہے، ملک میں ہر طرف افراتفری پھیلی ہوئی ہے کوئی پوچھنے والا نہیں اور یہی وجہ ہے کہ عوامی مشکلات میں دن بدن اضافہ ہورہا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے دویزی ضلع مہمند میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر سیاسی و سماجی شخصیت رئوف ملک نے اپنے خاندان اور سینکڑوں ساتھیوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔آفتاب شیرپائو نے پی ٹی آئی حکومت کی ناقص پالیسیوں کو عوام کی پریشانیوں کا سبب قرار دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکمران عوامی مسائل میں کمی کی بجائے آئی ایم ایف اور سعودی عرب سے کڑی شرائط پر قرضے لے کر اس کا سارا بوجھ عوام پر ڈال ر ہے ہیںجبکہ اقتدار میں آنے سے قبل پی ٹی آئی کے سربراہ نے دعوے کئے تھے کہ خودکشی کو ترجیح دونگا لیکن کچکول نہیں اٹھائوں گا۔

انھوں نے وفاقی وزیر خزانہ کے بیان کہ ملک میں گرانی ہے لیکن غربت کم ہو رہی ہے پر تعجب کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ فنانس منسٹر کا بیان غیر منطقی اورحقیقت کوجھٹلانے کے متراف ہے۔انھوں نے کہا کہ حکومت چند دنوں میں منی بجٹ لارہی ہے جس میں ٹیکسزبڑھنے سمیت پٹرولیم لیوی کی مد میں ٹیکس وصولی کے ہدف کے حصول کیلئے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ماہانہ اضافہ کیا جائے گا جس سے اشیائے خورونوش کی قیمتیں مزید بڑھیں گی اور غریب عوام کی پریشانیوں میں مزیداضافہ ہوگا۔

انھوں نے فاٹا انضمام کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ اصلاحات پر عملدرآمد نہ ہونے کی وجہ سے ضم شدہ اضلاع کے عوام نہ صرف انضمام کے ثمرات سے محروم ہیں بلکہ سخت مایوسی کا شکار ہیں۔انھوں نے ضم شدہ اضلاع کے عوام کے ساتھ ترقیاتی فنڈز کی فراہمی سمیت کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت ان کے ساتھ کھیلواڑ بند کرکے ان کو اپنا حق دلائے۔

انھوں نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کے ذریعے انتخابات کرانے کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ ای وی ایم کو پی ٹی آئی کے علاوہ تمام سیاسی جماعتوں نے مسترد کردیا ہے کیونکہ حکمران اس کے ذریعے آئندہ الیکشن چوری کرنے کیلئے منصوبہ بندی کر رہے ہیں کیونکہ وہ جانتے ہیں کہ آئندہ انتخابات میں بد ترین شکست ان کا مقدر ہے ۔انھوں نے کرونا وائرس کیلئے فنڈز میں اربوں روپے کی بے ضابطگیوں کے حوالے بات کرتے ہوئے کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ پی ٹی آئی کے کرپشن کے سکینڈلز منظر عام پر آتے رہیں گے اور ان کا شفافیت کا دعویٰ اوردوغلا چہرہ عوام کے سامنے بے نقاب ہوتا جائے گا۔

اس موقع پر پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیرپائو،صوبائی سینئر وائس چیئرمین طارق ?احمد خان ، صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر فاروق افضل اور کیو ڈبلیو پی ضلع مہمند کے چیئرمین ملک مصطفی کے علاوہ دیگر عہدیدار اور کارکن بڑی تعداد میں موجود تھے۔