لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سپر لیگ کے ساتویں دن چار اہم میچز کھیلے گئے

منگل 30 نومبر 2021 00:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 نومبر2021ء) لاہور پولو کلب کے زیراہتمام سپر لیگ کے ساتویں دن چار اہم میچز کھیلے گئے جن میں نون واریئرز، ریمنگٹن سٹارز،ذکی فارمز اور کونٹری لائنز کی ٹیمیں فاتح رہیں۔ تفصیلات کے مطابق لاہور پولو کلب میں کوکاکولا سپر لیگ میں چار اہم لیگ میچز کھیلے گئے۔ ریمنگٹن سٹارز کی ٹیم نے زیڈ ایس ٹائیگرز کو انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد 6-5 سے ہرا دیا۔

ریمنگٹن سٹارز کی طرف سے بازل فیصل کھوکھر نے شاندار کھیل پیش کیا اور تین خوبصورت گول سکور کیے جبکہ حمزہ مواز خان نے دو اورمحمد وحید نے ایک گول سکور کیا۔ دوسری طرف زیڈ ایس ٹائیگرز کی طرف سے راجہ ارسلان نجیب نے 4 جبکہ فراست علی چٹھہ نے دو گول سکور کیے۔ ادھر کونٹری لائنز کی ٹیم نے ہنڈا چناب کی ٹیم کو 6.5-4 سے ہرا دیا۔

(جاری ہے)

کونٹری لائنز کی طرف سے احمد زبیر بٹ نے چار، احمد علی ٹوانہ نے دو گول سکور کیے جبکہ ہنڈا چناب کولٹس کی طرف سے شہرارخان نے دو، علیم ٹوانہ اور راجہ تیمور ندیم نے ایک گول سکور کیا۔

تیسرے میچ میں نون واریئرز کی ٹیم نے اے آر پی آر /سکف کی ٹیم کو 3-2.5 سے ہرا دیا۔ نون واریئرز کی طرف سے تیمور نون نے دو جبکہ رضا ٹوانہ نے ایک گول سکور کیا جبکہ اے آر پی آر /سکف کی طرف سے شوکت علی ملک اور ریحان بابر نے ایک ایک گول سکور کیا۔ آخری میچ میں ذکی فارمز ریپئرز کی ٹیم نے غازی پور سائنٹس کی ٹیم کو 8-6.5 سے ہرا دیا۔ ذکی فارمز کی طرف سے نذر دین نے پانچ، چودھری حیات نے دو ، مصطفی عزیز اور شاہ قبلائی عالم نے ایک گول سکور کیا۔ غازی پور سائنٹس کی طرف سے محمد علی ملک نے تین، شاہ رفیع عالم نے دو جبکہ شاہ شمیل عالم نے ایک گول سکور کیا۔